ایلون مسک کو خلا میں 10 لاکھ سیٹلائیٹس بھیجنے کی اجازت مِل گئی

امریکی فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) نے بدھ کو اسپیس ایکس کے مجوزہ ’اسٹارمائنڈ‘ سیٹلائٹ نیٹ ورک کی منظوری دی


ویب ڈیسک November 25, 2026

ایلون مسک کی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے لیے 10 لاکھ تک سیٹلائٹس بھیجنے کی اجازت مل گئی ہے جس کا مقصد مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے لیے کمپیوٹنگ کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنا ہے۔

امریکی فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) نے بدھ کو اسپیس ایکس کے مجوزہ ’اسٹارمائنڈ‘ سیٹلائٹ نیٹ ورک کی منظوری دی۔

اسپیس ایکس نے رواں سال کے آغاز میں خلا میں 10 لاکھ تک آربیٹل کمپیوٹنگ ماڈیولز بھیجنے کی اجازت طلب کی تھی۔ ان ماڈیولز کے ذریعے بڑی مقدار میں ڈیٹا پراسیس کیا جائے گا جسے زمین پر مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

ایف سی سی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ امریکا میں مصنوعی ذہانت کی غیر معمولی ترقی کے اس اہم دور میں اسپیس ایکس کو 10 لاکھ مداری کمپیوٹنگ ماڈیولز نصب کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ بڑے پیمانے پر ڈیٹا پراسیس کیا جا سکے۔

اس منصوبے کا بنیادی مقصد خلا میں ایسے ڈیٹا سینٹرز قائم کرنا ہے جو مصنوعی ذہانت کے پیچیدہ نظاموں کو درکار کمپیوٹنگ صلاحیت فراہم کر سکیں۔

اسپیس ایکس کی یہ پیشرفت مستقبل میں خلائی ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں اہم تبدیلیوں کا باعث بن سکتی ہے۔ تاہم، منصوبے پر عمل درآمد اور اتنی بڑی تعداد میں سیٹلائٹس کی تعیناتی کے لیے تکنیکی اور عملی چیلنجز بھی درپیش ہوں گے۔