اسلام آباد:
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات روکنے کے حکم امتناع میں 2 ہفتے کی توسیع کردی۔ عدالتی حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کردیا۔
ہائیکورٹ میں وفاقی دارالحکومت کے بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے حکم امتناع میں توسیع کردی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم امتناع کے بعد الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا ہے۔
دوران سماعت جسٹس عمیر مجید ملک نے استفسار کیا کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ آپ نے حل نہیں کیا؟ قاضی عادل عزیز قاضی نے کہا کہ ایک وارڈ میں صرف 2 ووٹرز ہیں، اس کا الیکشن کیسے ہوگا؟ جسٹس عمیر مجید ملک نے کہا کہ 2015 کے قانون کے مطابق آپ نے حلقہ بندیاں کرنی ہیں۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم نے تفصیلی آرڈر پاس کر دیا ہے، وجوہات بھی دی ہیں۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے کہا کہ آپ کچھ پروسیڈنگز کرتے تو کوئی اپیل فائل کرتا۔ وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ ہم نے پروسیڈنگز کی ہیں، 6 دفعہ یہ ایکسرسائز کر چکے ہیں۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے کہا کہ ہمیں ابھی پتا نہیں پارلیمنٹ اس پر کیا کرتی ہے۔ آپ نے مطمئن کرنا ہے کہ حلقہ بندیوں کا پراسس مکمل ہو گیا تھا۔ اس سے پہلے بھی ہمارے پاس کئی درخواستیں آئی ہیں۔ درخواست گزار کہتے ہیں ہمیں یہ پتا نہیں ہم کون سی وارڈ میں ہیں۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ 14 اکتوبر کا آپ کا آرڈر آیا ہے کہ حلقہ بندیاں مکمل ہو گئی ہیں۔ وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ جو قانون موجود ہے اس کے مطابق ہم نے حلقہ بندیاں کی ہیں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔