ایران کو روس اور چین کی خفیہ مدد؟ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے کردار کو معمولی قرار دے دیا

ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ جاری تنازع پر چین اور روس کے صدور کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں میں بھی بات ہوئی تھی


ویب ڈیسک November 27, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو روس اور چین کی جانب سے انٹیلی جنس معلومات فراہم کیے جانے کی اطلاعات کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خیال میں دونوں ممالک تہران کی زیادہ مدد نہیں کر رہے۔

فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مارا لاگو میں صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع پر چین اور روس کے صدور کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں میں بھی بات ہوئی تھی۔

چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک غیر معمولی ملاقات تھی اور ان کے خیال میں چین ایران کے معاملے میں بہت محدود طور پر ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین چاہے تو مزید مداخلت کرسکتا ہے، تاہم ان کے نزدیک حقیقی مداخلت کا مطلب فائرنگ اور براہ راست جنگ میں حصہ لینا ہے، نہ کہ محض کچھ معلومات فراہم کرنا۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا بھی دوسرے ممالک کے بارے میں معلومات جمع کرتا ہے۔ ان کے بقول اگر دوسرے ممالک امریکا کی جاسوسی کرتے ہیں تو امریکا بھی ان کی جاسوسی کرتا ہے۔

روس کی جانب سے ایران کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنے سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ ان کے خیال میں ماسکو تہران کو زیادہ معلومات فراہم نہیں کر رہا۔

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ روس اور چین دونوں ایران کے ساتھ جاری تنازع کا خاتمہ چاہتے ہیں اور ان کے خیال میں دونوں ممالک اس مقصد کے لیے ان کی مدد کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ ایران کے اتحادی اسے امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے لیے انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنے میں مدد دے رہے ہیں، تاہم ٹرمپ نے ان اطلاعات کے اثرات کو زیادہ اہم قرار نہیں دیا۔