سردیوں کی آمد ہو اور دسترخوان پر سرسوں کا ساگ اور مکئی کی روٹی نہ ہو تو موسم کا روایتی مزہ ادھورا محسوس ہوتا ہے۔ دیہی علاقوں میں عرصے سے مقبول یہ پکوان اب شہروں میں بھی شوق سے کھایا جاتا ہے۔
ذائقے کے ساتھ سرسوں کا ساگ غذائیت کے اعتبار سے بھی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس میں وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔
غذائی ماہرین کے مطابق سرسوں کے پتوں میں وٹامن کے، وٹامن اے اور وٹامن سی کی اچھی مقدار موجود ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ان میں مینگنیز، فولیٹ اور وٹامن ای بھی پایا جاتا ہے۔ وٹامن اے، سی اور ای جسم کو اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرتے ہیں، جو خلیوں کو فری ریڈیکلز سے ہونے والے نقصان سے بچانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
ساگ کا اصل ذائقہ حاصل کرنے کے لیے اسے جلدی میں پکانے کے بجائے مناسب وقت دینا ضروری ہے۔ ہلکی آنچ پر دیر تک پکنے سے سبزیاں اچھی طرح گل جاتی ہیں اور ذائقہ بھی نکھر کر سامنے آتا ہے۔ سرسوں کے ساگ کے ساتھ پالک اور بتھوا شامل کرنے سے اس کی ساخت اور ذائقے میں مزید بہتری آتی ہے۔
ساگ پکانے کے لیے گہرا اور مضبوط برتن منتخب کرنا بہتر رہتا ہے۔ مٹی کا برتن روایتی طریقے سے دیر تک پکنے والے کھانوں کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔ سبزیوں کو ابالتے وقت چٹکی بھر نمک شامل کیا جاسکتا ہے، جس سے ان کا سبز رنگ برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
تیاری کے لیے سرسوں اور پالک کو اچھی طرح دھو کر مٹی اور گردوغبار صاف کرلیں۔ نرم پتے الگ کرکے باریک کاٹ لیں اور ان میں ادرک، لہسن، ہری مرچ اور کچھ ٹماٹر شامل کردیں۔ تمام اجزا کو ہلکی آنچ پر پکنے دیں، یہاں تک کہ سبزیاں اچھی طرح گل جائیں اور ان کا اضافی پانی خشک ہوجائے۔
ساگ کو مزیدار بنانے کے لیے الگ برتن میں گھی گرم کرکے اس میں زیرہ، پسا یا کٹا ہوا لہسن اور کٹی ہوئی مرچ بھون لیں۔ جب یہ اجزا خوشبودار ہوجائیں تو ان کا تڑکا تیار ساگ پر ڈال دیں۔ اس طرح ساگ میں خوشبو اور ذائقے کا اضافہ ہوجاتا ہے۔
اس روایتی پکوان کا لطف گرم گرم مکئی کی روٹی کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ تازہ پکی ہوئی روٹی پر اصلی گھی یا مکھن لگا کر ساگ کے ساتھ پیش کریں تو سردیوں کے اس روایتی کھانے کا ذائقہ دوبالا ہوجاتا ہے۔