ایک نئی تحقیق کے مطابق خون میں شوگر کی مسلسل بلند سطح درمیانی عمر میں یادداشت اور دماغی کارکردگی کو متاثر کر سکتی ہے۔
تین دہائیوں تک جاری رہنے والی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹائپ ٹو ذیابیطس میں مبتلا ہونے والے افراد کے دماغ میں ساختی تبدیلیاں بھی رونما ہو سکتی ہیں۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے محققین کے مطابق اس تحقیق میں تقریباً تین ہزار ایسے افراد کا جائزہ لیا گیا جو ابتدا میں نوجوان اور صحت مند تھے لیکن بعد ازاں ٹائپ ٹو ذیابیطس کا شکار ہو گئے۔
ٹائپ ٹو ذیابیطس ایک ایسی بیماری ہے جس میں جسم خون میں شوگر کی سطح کو معمول کے مطابق کنٹرول کرنے میں مشکلات کا شکار ہو جاتا ہے۔
تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوانی اور ابتدائی جوانی خصوصاً 18 سے 30 سال کی عمر کے دوران خون میں شوگر کی سطح کو کنٹرول میں رکھنا مستقبل میں دماغی صحت اور یادداشت کو محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
مایو کلینک کے مطابق عام طور پر صحت مند بالغ افراد کو 35 سال کی عمر سے ذیابیطس کے خطرے کی اسکریننگ کروانے کی سفارش کی جاتی ہے۔
تحقیق کی مرکزی مصنفہ اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، سان فرانسسکو سے وابستہ نیوروایپیڈیمیولوجسٹ ریجینا پارڈیلا کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کے دماغی صلاحیتوں پر اثرات پہلے سے معلوم ہیں۔ تاہم، ماضی میں یہ سمجھا جاتا تھا کہ ذیابیطس کے باعث ذہنی و دماغی کمزوری زیادہ تر ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں یا ٹائپ ٹو ذیابیطس میں مبتلا 65 سال سے زائد عمر کے افراد میں سامنے آتی ہے۔
محققین کے مطابق نئی تحقیق اس بات کی اہمیت اجاگر کرتی ہے کہ ذیابیطس سے بچاؤ اور خون میں شوگر کی بروقت نگرانی کا آغاز کم عمری ہی سے کیا جانا چاہیے تاکہ مستقبل میں دماغی صحت کو لاحق خطرات کم کیے جا سکیں۔