جرمنی کے سابق گول کیپر مینوئل نوئر کی اہلیہ انیکا بیسل نے حاملہ خواتین سے بے وفائی کرنے والے مردوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کی اس سوشل میڈیا پوسٹ کو شوہر پر بالواسطہ طنز قرار دیا جا رہا ہے۔
جرمن میڈیا کے مطابق انیکا اور 40 سالہ مینوئل نوئر اگست میں اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے کچھ ہی عرصے بعد ایک دوسرے سے الگ ہوگئے تھے۔
انیکا نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک پوسٹ ری شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ کسی حاملہ خاتون کو دھوکا دینا انتہا درجے کا شر ہے۔
پوسٹ میں مزید لکھا تھا کہ تصور کریں کہ آپ اس عورت کو دیکھ رہے ہیں جو آپ کے بچے کو اپنے پیٹ میں پال رہی ہے، جس کے جسم میں تبدیلیاں آ رہی ہیں، جو تھکن اور حمل کی تمام مشکلات برداشت کر رہی ہے اور اس سب کے باوجود آپ میں اتنی ہمت ہے کہ آپ اس کی پیٹھ پیچھے اسے دھوکا دے رہے ہیں۔
انیکا کی جانب سے شیئر کیے گئے پیغام کو اس الزام کی طرف اشارہ سمجھا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر نوئر نے اہلیہ کے حاملہ ہونے کے دوران ہی کسی دوسرے تعلق کا آغاز کردیا تھا۔ تاہم، اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

علیحدگی کے بعد مینوئل نوئر کو برازیل میں ایک نامعلوم خاتون کے ساتھ دیکھا گیا۔ جرمن اخبار کے مطابق یہ خاتون 23 سالہ فزیوتھراپسٹ ہیں جن کے ساتھ نوئر پہلے بھی کام کر چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نوئر رواں ماہ اپنے دائیں پاؤں کے ٹینڈن میں جزوی چوٹ لگنے کے بعد جنوبی امریکا گئے تھے اور وہ تاحال فٹبال سے دور ہیں۔
انیکا کی سوشل میڈیا پوسٹ اور نوئر کی دوسری خاتون کے ساتھ تصاویر سامنے آنے کے بعد دونوں کی نجی زندگی سے متعلق خبریں زیرِ بحث ہیں لیکن فٹبالر پر دورانِ حمل بے وفائی کے الزامات کی تصدیق نہیں ہوئی۔