برطانوی ہوم آفس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں میں بھارتی اور پاکستانی شہری سب سے آگے رہے، جبکہ شہریت کے حصول کے لیے درخواستوں کی تعداد بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ستمبر تک کے 12 ماہ کے دوران برطانوی شہریت کے لیے 3 لاکھ 20 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہیں۔ اس عرصے میں شہریت حاصل کرنے والوں کی تعداد بھی 10 فیصد اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 65 ہزار ہوگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسی عرصے کے دوران برطانیہ میں پناہ کی درخواستوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر 74 ہزار افراد نے پناہ کی درخواستیں جمع کرائیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً ایک تہائی کم ہیں۔ ہوم آفس کے مطابق اس کمی کی بڑی وجہ غیر قانونی راستوں سے برطانیہ آنے والے افراد کی درخواستوں میں کمی ہے۔
برطانوی ہوم سیکرٹری شبانہ محمود نے کہا کہ یہ تبدیلیاں اتفاقاً نہیں ہوئیں بلکہ حکومت نے اس مقصد کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ان کے مطابق نیٹ مائیگریشن کو سابقہ بلند ترین سطح سے 92 فیصد کم کرکے 77 ہزار تک لایا گیا ہے۔
شبانہ محمود کا کہنا تھا کہ حکومت اصلاحات کے ذریعے ایسا منصفانہ امیگریشن نظام قائم کرنا چاہتی ہے جس میں ملک کے لیے اپنا حصہ ڈالنے والوں کو صلہ ملے۔
ہوم آفس کے مطابق اس وقت 93 ہزار پناہ گزینوں کو سرکاری اسائلم سپورٹ فراہم کی جارہی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 فیصد کم ہے۔ رہائشی سہولت حاصل کرنے والے 1,195 افراد کو سابق فوجی اڈوں پر رکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں سال مجموعی طور پر 52 اسائلم ہوٹل بند کیے جاچکے ہیں اور اب برطانیہ میں صرف 140 ہوٹل زیر استعمال ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبر حکومت نے موجودہ پارلیمنٹ کی مدت ختم ہونے تک تمام اسائلم ہوٹل بند کرنے کا وعدہ بھی کر رکھا ہے۔