کویت نے مسلسل ایرانی حملوں پر ایرانی سفیر کو طلب کرلیا، باضابطہ احتجاج

رپورٹ کے مطابق یہ حملہ کئی ماہ بعد خلیجی ملک کویت میں ہونے والا پہلا مہلک حملہ ہے


ویب ڈیسک November 28, 2026

کویت نے ملک پر مسلسل ایرانی حملوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایران کے سفیر محمد توتونجی کو وزارت خارجہ طلب کرلیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کویتی وزارت خارجہ نے بتایا کہ ایرانی سفیر کو طلب کرکے انہیں احتجاجی مراسلہ دیا گیا، جس میں کویت پر جاری ایرانی حملوں کی مذمت کی گئی۔

وزارت خارجہ کے مطابق تازہ ترین واقعے میں جمعرات کو ایک ڈرون حملے کے ذریعے کویت میں ایک اہم مقام کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو اطالوی شہری ہلاک ہوگئے۔

کویتی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی سفیر کو ملک پر مسلسل حملوں، بالخصوص حالیہ ڈرون حملے پر باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ حملہ کئی ماہ بعد خلیجی ملک کویت میں ہونے والا پہلا مہلک حملہ ہے۔