بابر اعظم ایک ہفتے تک کیوں ناراض رہے؟ سابق کوچ کا بابر کے رویے سے متعلق انکشاف

اگر بابر تیزی سے رنز بناتے تو پاکستان مزید 15 رنز بنا سکتا تھا اور میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہوتا، سابق کوچ


اسپورٹس ڈیسک November 28, 2026

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف سنچری بنانے کے باوجود بابر اعظم کو ان کی سست بیٹنگ پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد قومی بیٹر نے ایک ہفتے تک ان سے بات نہیں کی۔

ایک پوڈکاسٹ پروگرام ’دی سپر اوور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے بتایا کہ 2019 میں ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج گراؤنڈ پر کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں بابر اعظم نے 112 گیندوں پر 115 رنز بنائے تھے۔

مکی آرتھر کے مطابق بابر نے 78 گیندوں پر 90 رنز مکمل کیے لیکن اگلے 15 گیندوں پر صرف 10 رنز بناکر سنچری مکمل کی۔

دلچسپ بات یہ تھی کہ سنچری کے فوراً بعد انہوں نے مسلسل دو چھکے بھی لگائے۔

سابق کوچ کا کہنا تھا کہ اگر بابر 90 سے 100 رنز تک تیزی سے پہنچتے تو پاکستان مزید 15 رنز بنا سکتا تھا اور میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہوتا۔

انگلینڈ نے 341 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا تھا۔

آرتھر نے بابر کی 2019 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ناقابل شکست 101 رنز کی اننگز کو اپنے دور کی بہترین کارکردگی قرار دیا۔