کراچی:
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ داؤدی بوہرہ برادری سندھ کی معاشی ترقی میں اہم شراکت دار ہے، برادری نے نسلوں سے تجارت، صنعت اور فلاحی کاموں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
داؤدی بوہرہ بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت بوہرہ برادری کے سرمایہ، تجربے، مہارت اور عالمی روابط سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ کراچی ملک کا تجارتی اور مالیاتی مرکز ہے جبکہ سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل، ادویات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔ دھابیجی، خیرپور اور بن قاسم کے خصوصی اقتصادی زونز صنعتی سرمایہ کاروں کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ دھابیجی پورٹ قاسم سے رابطے کے باعث اہم صنعتی اور معاشی مرکز بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح سرمایہ کاری کے ذریعے صنعتوں، پیداوار، برآمدات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ سندھ حکومت کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے تحفظ اور پالیسی تسلسل کے لیے اقدامات کر رہی ہے جبکہ سرمایہ کاری سہولت کاری کا مقصد منظوریوں سے کاروبار کے قیام تک سرمایہ کاروں کی مدد کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مقامی کاروباری افراد اور عالمی سرمایہ کاروں کے مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، نجی شعبہ پائیدار معاشی ترقی کا انجن ہے اور ہر نئی سرمایہ کاری روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے چھوٹے کاروبار اور خواتین کے کاروبار کو معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تجربہ کار کاروباری خاندانوں پر زور دیا کہ وہ نوجوان کاروباری افراد کی رہنمائی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ صنعت، ٹرانسپورٹ، توانائی، زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ بوہرہ برادری سندھ کو صرف کاروبار نہیں بلکہ نئی نسل کے کاروبار شروع کرنے کی سرزمین بھی سمجھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بوہرہ کاروباری افراد کو صنعتی زونز میں سرمایہ کاری اور مقامی کاروباری افراد کے ساتھ شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنجیدہ سرمایہ کاروں کی تجاویز پر سندھ حکومت قانون کے مطابق مکمل تعاون کرے گی۔ حکومت سندھ اور بوہرہ کاروباری برادری کے درمیان مسلسل رابطے کا باضابطہ نظام قائم ہونا چاہیے تاکہ آج کا اجلاس عملی تعاون، سرمایہ کاری اور دیرپا کاروباری شراکت داری کی بنیاد بن سکے۔