یمن کے ساحل کے قریب اغوا ہونے والا کارگو جہاز آزاد ہو گیا جس کے بعد اس کا تمام عملہ محفوظ ہے۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی یو کے ایم ٹی او نے بتایا ہے کہ غیر مجاز مسلح افراد جہاز چھوڑ کر جا چکے ہیں اور جہاز اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہو گیا۔ تاہم اغوا کاروں کے چھوڑنے کی وجہ اور کسی ممکنہ ڈیل کے بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں بتایا گیا
سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ جہاز پاناما کے پرچم بردار اور متحدہ عرب امارات کی کمپنی مارسا اوشن شپنگ کا ایم وی مارسا ورگو تھا جس پر پنٹ لینڈ سے آنے والے 6 صومالی مسلح افراد نے ماہی گیروں کا روپ دھار کر اور جنوبی یمن میں صومالی پناہ گزینوں میں چھپ کر قبضہ کیا تھا۔
قزاقوں نے مقامی ذرائع سے اسلحہ حاصل کیا تھا لیکن عملے کے 19 ارکان کے جہاز کے محفوظ کمرے (سیٹاڈل) میں بند ہو جانے کے باعث اغوا کار جہاز کو مکمل کنٹرول میں نہیں لے سکے اور مبینہ طور پر تاوان کے مقصد میں ناکامی کے بعد جہاز چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے کا ایران نواز حوثی گروپ سے کوئی تعلق نہیں تھا اور تحقیقات جاری ہیں۔