دل کے خلیوں میں برقی سگنلز کی ترسیل کا نیا نظام دریافت

سائنس دانوں کے مطابق یہ دریافت دل میں برقی سگنلز کی ترسیل اور دھڑکن کے نظام کو سمجھنے کے لیے نئی راہیں کھول سکتی ہے


ویب ڈیسک November 29, 2026

امریکی سائنس دانوں نے دل کے پٹھوں کے خلیوں کے درمیان برقی سگنلز کی ترسیل کا ایک نیا طریقہ دریافت کیا ہے جس سے دل کی دھڑکن کے نظام کو سمجھنے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

تحقیق کے مطابق انسانی دل زندگی بھر میں تین ارب یا اس سے زیادہ مرتبہ دھڑک سکتا ہے۔ ہر دھڑکن کے دوران برقی سگنل دل کے مختلف حصوں تک پہنچتا ہے اور انہیں مخصوص ترتیب سے سکڑنے اور خون پمپ کرنے کی ہدایت دیتا ہے۔

ورجینیا ٹیک کے محققین کی نئی تحقیق کے مطابق دل کے خلیے برقی سگنلز صرف پہلے سے معلوم راستے یعنی گیپ جنکشنز کے ذریعے ہی منتقل نہیں کرتے بلکہ ایک اضافی نظام بھی استعمال کرتے ہیں۔ اس عمل میں سوڈیم چینلز اور خلیوں کے درمیان موجود انتہائی باریک جگہ (جسے پیرینیکسس کہا جاتا ہے) اہم کردار ادا کرتی ہے۔

تحقیق کی قیادت محقق ژیاؤبو وو نے کی، جنہوں نے رابرٹ گورڈی کی لیبارٹری میں یہ کام انجام دیا۔

تحقیق سائنسی جرنل پی این اے ایس میں شائع ہوئی ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ دریافت دل میں برقی سگنلز کی ترسیل اور دھڑکن کے نظام کو سمجھنے کے لیے نئی راہیں کھول سکتی ہے۔