ستاروں سے آگے سائنسی خودمختاری

محمد ذیشان علی کی کامیابی کو پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کے تناظر میں بھی غیر معمولی اہمیت حاصل ہے


ایڈیٹوریل November 30, 2026

ستاروں تک رسائی کا خواب جب کسی قوم کی عملی جدوجہد میں ڈھلتا ہے تو وہ محض خلائی سفر نہیں رہتا بلکہ اس کے اجتماعی شعور، علمی استعداد اور مستقبل کے امکانات کا اعلان بن جاتا ہے۔ پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کی چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ تک رسائی یقیناً ایک ایسا ہی تاریخی سنگ میل ہے جس نے قومی سطح پر فخر و مسرت کی نئی کیفیت پیدا کی ہے۔

تاہم اس کامیابی کی حقیقی معنویت کا تعین صرف اس بات سے نہیں ہوگا کہ ہمارا ایک خلا باز زمین سے سیکڑوں میل دور خلائی تجربات میں مصروف ہے، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ کیا یہ پیش رفت پاکستان کے تعلیمی، تحقیقی اور صنعتی نظام میں بھی ایسی تبدیلی کا پیش خیمہ بنے گی جو آنے والی نسلوں کو سائنس و ٹیکنالوجی کی عالمی دوڑ میں باوقار مقام دلا سکے؟

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اسپارکو کا دورہ اور خلائی اسٹیشن میں موجود پاکستانی خلا باز سے براہ راست ویڈیو رابطہ اس تاریخی موقع کی قومی اہمیت کا اظہار ہے۔ وزیراعظم نے 24 کروڑ پاکستانیوں کی جانب سے محمد ذیشان علی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ، تربیت کاروں، ماہرین اور چینی ہم سفر خلا بازوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر علامہ اقبال کے شعر ’’محبت مجھے ان جوانوں سے ہے، ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند‘‘ کا حوالہ محض ایک ادبی استعارہ نہیں بلکہ اس قومی امید کی ترجمانی ہے کہ پاکستانی نوجوان محدود وسائل اور دشوار حالات کے باوجود اپنی صلاحیتوں سے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی اس کامیابی کو ملک اور مسلح افواج کے لیے باعث ِ افتخار قرار دیا۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان کے خلائی پروگرام کی ترقی میں سویلین اور عسکری اداروں کا اشتراک ایک اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔

محمد ذیشان علی کی کامیابی کو پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کے تناظر میں بھی غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر یہ خلائی مشن دوطرفہ تعاون کی ایک نئی جہت سامنے لایا ہے۔

چین نے اپنے خلائی پروگرام میں پاکستان کو پہلا غیر ملکی شراکت دار بننے کا موقع فراہم کرکے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تعاون کی بنیاد پر قائم ہوا۔ وزیراعظم کی جانب سے چینی صدر شی جن پنگ اور چینی خلائی ادارے کا شکریہ اسی حقیقت کا اعتراف ہے کہ جدید سائنس کے بعض میدانوں میں عالمی شراکت داری کے بغیر بڑی پیش رفت ممکن نہیں۔ چین نے پاکستان کے لیے ایک ایسا دروازہ کھولا ہے جس سے مستقبل میں تحقیق، تربیت، خلائی ٹیکنالوجی اور سائنسی تجربات کے نئے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔

پاک چین دوستی کو ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہرا قرار دینے کی روایت اب خلائی تعاون کے ذریعے ایک نئے مفہوم سے ہم کنار ہوئی ہے۔ تاہم اس پیش رفت کو محض سفارتی کامیابی یا دوستانہ تعلقات کی علامت سمجھنا اس کے وسیع تر امکانات کو محدود کرنے کے مترادف ہوگا۔

خلائی سائنس آج مواصلات، موسمیاتی پیش گوئی، قدرتی آفات سے نمٹنے، زرعی پیداوار، زمینی وسائل کی نگرانی، دفاعی نظام اور قومی سلامتی سمیت زندگی کے متعدد شعبوں سے وابستہ ہوچکی ہے، جو ملک اس ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرتے ہیں، وہ نہ صرف جدید سائنسی دنیا میں اپنی جگہ بناتے ہیں بلکہ معاشی خودمختاری اور تزویراتی برتری کے امکانات بھی بڑھاتے ہیں۔ پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس تاریخی موقع کو مستقل ادارہ جاتی ترقی میں تبدیل کرے۔

پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں پر بھارت کی تشویش بھی اس حقیقت کو نمایاں کرتی ہے کہ خلائی میدان اب محض سائنسی تجربات تک محدود نہیں رہا۔ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی کی جانب سے پاکستان کے خلائی پروگرام میں چینی معاونت اور ترکیہ کے ممکنہ تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی فوجی خلائی صلاحیتوں میں تیزی لانے پر زور دینا اسی بدلتی ہوئی تزویراتی صورت حال کی عکاسی کرتا ہے۔

ان کے بیان میں اس امر کا اعتراف بھی موجود ہے کہ پاکستان صرف بیرونی معاونت پر انحصار نہیں کررہا بلکہ اسپارکو کے ذریعے اپنی مقامی صلاحیتوں کو بھی وسعت دے رہا ہے۔ یہ اعتراف پاکستان کے لیے حوصلہ افزا ضرور ہے، لیکن اس کا مقصد کسی نئی خلائی مسابقت یا خطے میں عسکری تناؤ کو ہوا دینا نہیں ہونا چاہیے۔ اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب خلائی ٹیکنالوجی کو انسانی فلاح، معاشی ترقی اور علمی خودمختاری کے لیے استعمال کیا جائے۔

پاکستان کو یہ حقیقت بہرحال پیش نظر رکھنی چاہیے کہ کسی ایک خلا باز کی کامیابی پورے سائنسی نظام کی ترقی کا متبادل نہیں ہوسکتی۔ محمد ذیشان علی کی خلائی پرواز قومی صلاحیت کا روشن مظہر ہے، مگر اس کے پس منظر میں ایک بنیادی سوال موجود ہے کہ ملک کی جامعات میں سائنسی تحقیق کا معیار کیا ہے؟ ہمارے تعلیمی اداروں میں جدید تجربہ گاہوں، تحقیقی آلات، تربیت یافتہ اساتذہ اور مستقل تحقیقی فنڈز کی دستیابی کس حد تک یقینی بنائی گئی ہے؟ متعدد جامعات میں سائنس کے شعبے مالی مشکلات، محدود وسائل اور تحقیق کے ناکافی مواقع سے دوچار ہیں۔ طلبہ میں ذہانت اور استعداد کی کمی نہیں، لیکن انھیں جدید سائنسی ماحول اور عملی تجربات سے محروم رکھ کر عالمی معیار کی تحقیق کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

پاکستان کو بھی خلائی پروگرام کے ساتھ بنیادی سائنس، طبیعیات، ریاضی، کیمیا، حیاتیاتی علوم، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور جدید انجینئرنگ میں سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو جامعات کے تحقیقی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کرنا چاہیے اور ایسے مستقل فنڈز قائم کرنے چاہئیں جن سے نوجوان محققین کو آزادانہ طور پر جدید تجربات کرنے کا موقع مل سکے۔

اسپارکو اور جامعات کے درمیان تحقیقی اشتراک کو وسعت دی جائے تاکہ خلائی مشن سے حاصل ہونے والا تجربہ تعلیمی اداروں تک منتقل ہوسکے۔ چین کے ساتھ تعاون کو صرف خلا بازوں کی تربیت تک محدود رکھنے کے بجائے مشترکہ تحقیقی منصوبوں، سائنسی تبادلے، مصنوعی سیاروں کی تیاری اور مقامی ٹیکنالوجی کی منتقلی تک پھیلایا جائے۔ ترکیہ اور دیگر دوست ممالک کے سائنسی اداروں کے ساتھ بھی اشتراک کے امکانات تلاش کیے جانے چاہئیں۔

اس ضمن میں تعلیمی نظام کی اصلاح بھی ناگزیر ہے۔ ابتدائی تعلیم سے ہی بچوں میں سوال کرنے، مشاہدہ کرنے اور تجربات کے ذریعے نتائج اخذ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہوگی۔ رٹے پر مبنی تدریس کے بجائے سائنسی سوچ، تخلیقی صلاحیت اور عملی مہارتوں کو فروغ دینا ہوگا۔ اسکولوں اور کالجوں میں سائنس کی جدید تجربہ گاہیں قائم کرنا اور اساتذہ کی تربیت کے لیے مستقل پروگرام متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قوموں کا سائنسی مستقبل چند غیر معمولی ذہانتوں سے ضرور روشن ہوتا ہے، لیکن اس مستقبل کی بنیاد لاکھوں عام طلبہ کی بہتر تعلیم اور تحقیق کے مساوی مواقع پر استوار ہوتی ہے۔

محمد ذیشان علی کی کامیابی کو ایک قومی یادگار کے بجائے قومی ذمے داری کا نقطہ آغاز بننا چاہیے۔ یہ لمحہ ہمیں بتاتا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں صلاحیت موجود ہے، ضرورت صرف اس صلاحیت کو درست سمت، وسائل اور مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، اسپارکو اور متعلقہ اداروں کی قیادت کو اس کامیابی کے تسلسل کے لیے ایک جامع سائنسی پالیسی مرتب کرنی چاہیے، جس میں واضح اہداف، مناسب بجٹ، تحقیقی اداروں کی مضبوطی اور مقامی ٹیکنالوجی کی تیاری کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔ ہمیں ایسی حکمت عملی درکار ہے جس کے نتائج چند تقریبات یا اعلانات کے بجائے جامعات، تجربہ گاہوں، صنعتوں اور سائنسی ایجادات میں دکھائی دیں۔

ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ پاکستان کو خلائی تحقیق کے ثمرات عام شہری کی زندگی سے منسلک کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں، پانی کی قلت اور فصلوں کی نگرانی کے لیے جدید مصنوعی سیاروں سے مدد مل سکتی ہے، جبکہ قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع اور شہری منصوبہ بندی میں بھی خلائی ٹیکنالوجی موثر کردار ادا کرسکتی ہے، اگر ان امکانات کو قومی ترقیاتی منصوبوں کا حصہ بنایا جائے تو خلائی پروگرام پر خرچ ہونے والے وسائل محض سائنسی اعزاز نہیں رہیں گے بلکہ معیشت، زراعت، ماحولیات اور عوامی سہولتوں میں قابل پیمائش بہتری کا ذریعہ بنیں گے۔

خلائی اسٹیشن پر موجود پاکستانی خلا باز کا سفر بالآخر زمین پر واپس آئے گا، لیکن اس سفر سے پیدا ہونے والی قومی امید کو واپس نہیں آنا چاہیے۔ اس امید کو ملک کے ہر تعلیمی ادارے، ہر تجربہ گاہ اور ہر اس نوجوان تک پہنچنا چاہیے جو سائنس دان، انجینئر یا محقق بننے کا خواب دیکھتا ہے۔ ستاروں تک پہنچنے کے لیے صرف ایک خلا باز کافی نہیں، ایک ایسا پورا نظام درکار ہے جو ہزاروں ذیشان علی پیدا کرسکے۔ پاکستان نے خلائی سفر میں ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے، اب اصل امتحان یہ ہے کہ ہم اس کامیابی کو مستقل سائنسی قوت، تعلیمی خودمختاری اور قومی ترقی میں کس حد تک تبدیل کرپاتے ہیں۔