کسی بھی حکومت کی ’’ہمارے جیسے ملک ‘‘ میں صرف ایک شدید خواہش ہوتی ہے کہ کسی بھی قیمت پر اقتدار پر کنٹرول رکھا جائے۔ اس میں آئین ‘ قانون اور اخلاقیات کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔ ہمارے جیسے ملک کی اصطلاح پر بھی بات کرنی ضروری ہے۔ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں کسی قسم کا کوئی نظام عملاً وجود نہیں رکھتا۔ ہاں! اس سچ کو ایک دوسرے طریقے سے بھی سامنے رکھا جا سکتا ہے۔ نظام کا نہ ہونا ہی اصل کھیل ہے۔
نظام انصاف‘ انتظامی عہدے صرف نام ہیں، اقتدار اشرافیہ کے کنٹرول میں ہوتا ہے۔ ہمارے ملک میں یہ سب کچھ سات دہائیوں سے بغیر کسی روک ٹوک کے جاری ہے۔ دیگر معاملات کیا عرض کریں۔ دل دکھتا ہے‘ کہ ملک کن خوابوں کی تکمیل کے لیے بنایا گیا تھا لیکن عوام کے ساتھ کیا کھلواڑ ہو رہا ہے۔ مبصرین یا تجزیہ کار‘ موجودہ حالات کو بار بار اپنے اپنے زاویہ کے ساتھ پیش کرتے ہیں ۔ اس صور ت حال کو گہرائی سے دیکھا جائے تو یہ سب کچھ تواتر سے قیام پاکستان کے وقت سے جاری ہے۔ آج کل کے لوگ ‘ مشرقی پاکستان کی علیحدگی کی وجوہات کو پڑھیں تو ان کے حواس ٹھکانے آجائیں گے ۔ وہی سیاست کا منافقانہ کھیل‘ اقتداریہ کی عوام سے لا تعلقی اور مخلص اور مدبر سیاست دانوں کی بیخ کنی ۔ حمود الرحمن کمیشن رپورٹ میں جم کر لکھا گیا ہے کہ پاکستان دولخت نہیں ہوا بلکہ اسے جان بوجھ کر توڑا گیا ہے۔
ماضی کی نوحہ گری سے گریز کر کے گذشتہ دو دہائیوں اور موجود حالات کی طرف آتا ہوں۔ٹی وی پر بیٹھ کر‘ نناوے فیصد ‘ تجزیہ کاروں کا اقتدار کی گلیوں سے‘ معمولی سا بھی تعلق نہیںہے۔ انھیں طاقتور حلقے‘ اپنے ایجنڈے کے مطابق کوئی ایک غلط یا درست خبر تھما دیتے ہیں اور پھر اس کو لے کر ایسی محیرالعقول گفتگو شروع ہوتی ہے کہ خدا کی پناہ ۔ ہاں ‘ کچھ‘ بہت زیادہ بے ضرر مدبرین کو اہم لوگوں سے ملنے کی اجازت ہوتی ہے۔ غیر ملکی دورے بھی کرائے جاتے ہیں۔ صرف اس لیے کہ ایک مخصوص گھڑا گھڑایا بیانیہ‘ عوام کے سامنے لایا جائے۔
دس بارہ سال پہلے تو یہ حکمت عملی کارگر تھی۔لوگوں کے ذہن سے کھیلنا بالکل ممکن تھا۔ مگر سوشل میڈیا نے اس پالیسی کے چیتھڑے اڑا کر رکھ دیئے ہیں۔ حکمرانوں کے لیے‘ کسی اہم معاملہ کو چھپانا تھوڑا سا مشکل ہو گیا ہے۔ یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ترکش کے سارے تیر ختم ہو چکے ہیں۔ حکومت کے بے پناہ وسائل اور اثر و رسوخ کے سامنے ‘ کوئی امر معنی نہیں رکھتا۔ سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ ثابت کرنا معمولی بات ہے اور یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔ کسی میں دم نہیں کہ اسے روک سکے۔
بات ہو رہی تھی کہ دنیا بھر میں ہر حکومت ‘ کسی بھی قیمت پر ‘ اپنا اقتدار بچانا چاہتی ہے۔ یہ جوہری نکتہ ہے۔ اسے بالکل فراموش نہ کیجیے۔ ویسے ہمارے جیسے ملکوں میں ووٹ کی طاقت سے حکومتیں قائم ہوتی ہیں نہ برخاست ۔ آج بھی یہی حال ہے۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ حکومتوں کے پاس زرخیر دماغ نہیں ہوتے۔ یہ ایک مفروضہ ہے۔ سرکار کی جیب میں ایسے بے انتہا قابل لوگ ہوتے ہیں جو انھیں حکومت کی طوالت کے متعلق پالیسیاں بنا کر دیتے رہتے ہیں۔مطلب یہ ہے کہ برے سے برے حالات میں بھی اقتدار کاکھیل سرکاری مشینری کے پاس ہی رہتا ہے۔ ہمارے ہاں جو کچھ ہوا۔ اس میں کوئی بھی نئی بات نہیں ہے۔ مگر ایک ایسا چھپا ہوا سچ‘ لوگوںکے سامنے آ گیا جو پہلے بہت مبہم سا تھا۔ وہ یہ ہے کہ فیصلہ سازی کا مکمل اختیار سرکاری مشینری کے پاس رہتا ہے۔ آج بھی ایسا ہی ہے ۔
نوجوان نسل کو بھی معلوم پڑ گیا ہے کہ ملک میں ہو کیا رہا ہے۔ سوشل میڈیا کا اس میں کلیدی کردار ہے۔ یہ حقیقت بھی کھل گئی ہے کہ اصل اپوزیشن کون ہے اور کہاں ہے۔ ایک سیاسی جماعت عتاب کا شکار ہے۔ اس کا لیڈر اور دیگر لوگ جیلوں میں ہیں ۔ سیاسی شطرنج کے مہروں کے خانے تبدیل کیے گئے ہیں۔ مولانا‘ اس میں بتائی ہوئی صف میں کھڑے نظر آتے ہیں۔ یہ فقرہ شاید پوری حقیقت کھول کر نہیں بتاتا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے مذہبی رہنما کو کس کی مرضی سے ‘ مخالفین کی صف میں کھڑا کیا گیا ہے۔متعدد ثبوت ‘ خدمت میں پیش کیے جا سکتے ہیں۔ دریافت کرتا ہوں ‘ حضرت صاحب ‘ ہر سیاسی سیٹ اپ سے مفاد کشید کرتے رہے ہیں۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ضیاء الحق سے لے کر آج تک ‘ ان کا صرف ایک معمول ہے کہ اقتدار کہاں ہے؟ وہ ہر حکومت کا حصہ رہے ہیں ۔ البتہ سابقہ الیکشن نے ان کے آبائی صوبے میں انھیں سیاسی طور پر برباد کر دیا۔ یہاں تک کہ انھیںبلوچستان میں وہاں سے منتخب کرایا کیاگیا۔ جو حلقہ افغانستان کے بالکل ساتھ ہے۔ جہاں ان کی مخصوص قوتوں نے مدد کی۔ انھیں سیاسی جوڑ توڑ کا فن آتا ہے۔ ہاں ! گفتگو پر عبور بھی ہے۔
مدرسے کے طلباء کی جزوی ہمدردیاں بھی حاصل ہیں۔ یہ وہ اوصاف ہیں، جو ایک ’’حقیقی اپوزیشن ‘‘کے خلا کو پر کرنے کے کام آسکتے ہیں۔ کے پی کی حکومت کو ختم کرنے کے بعد‘ سیاسی میدان خالی ہے۔ جسے پورا کرنا کسی اور کے بس کی بات نہیں ہے۔ اس سانچے میں وہی پورے بیٹھتے تھے۔ لہٰذا انھیں ہر جگہ پر کھل کر بولنے کی اجازت دی گئی۔ اجازت کا لفظ حد درجہ قابل غور ہے۔ کیا پی ٹی آئی کا کوئی رہنما یا کارکن‘ مولانا کی سخت گیر تقاریر کا ایک فیصد بھی بول سکتا ہے؟ہرگز نہیں۔ پتہ نہیں نام لوں کہ نہ لوں۔ کیا محمود اچکزئی یا سلمان اکرم راجہ‘ پارلیمنٹ یا کسی بھی دیگر فورم پر مولانا کی تقاریر کے قابل اعتراض الفاظ دہرا سکتے ہیں۔ جناب! اگر وہ ایسا کرنے کی بے وقوفی یا جرأت کریں تو انھیں معلوم ہے کہ پھر کیا ہوگا۔ آگے چلیے! سب کے علم ہے کہ کسی بھی صوبے میں‘ مولانا کی کوئی سیاسی طاقت نہیں ہے۔ پھر بھی انھیں جلسے کرنے کی چھوٹ دی گئی۔ ان کی پر جوش تقاریر سوشل میڈیا پر وائرل کی گئیں ۔ معاملے کو سمجھنے کے لیے‘ کئی مزید باتوں پر غور کرنا ضروری ہے۔ لاہور میں وکلاء کی ایک تقریب میں جانے سے روکنا کیا واقعی سختی کہی جاسکتی ہے؟جواب ایک سوال میں چھپا ہوا ہے۔ کیا گھر کی جزوی نظر بندی واقعی ایک سزا قرار دی جا سکتی ہے۔
ذرا تفصیل کی طرف آئیے۔ اسلام آباد کا گھر‘ سب کے علم میں ہے کہ کس کا ہے؟ اس میں مولانا براجمان رہے ہیں۔ کیا ان کے استعمال میں آنے والی گاڑیاں قانونی ہیں ۔ یعنی کسٹم پیڈ ہیں ۔ یہ بالکل عام سی حقیقت ہے۔ بلوچستان اور کے پی میں ‘ سرحد پار سے نان کسٹم پیڈ گاڑیاں منگوانے، فروخت کرنے اور خریدنے کا چلن ‘ دہائیوں سے روا ہے ۔ سارے شور کا مقصد صرف ایک ہے کہ حضرت صاحب کو ایک حقیقی اپوزیشن لیڈر کے طور پر پیش کیا جائے؟ یہ حکمت عملی وقتی طور پر تو تھوڑی سی خوش کن نظر آ سکتی ہے۔ ؟ مگر دور رس زاویے سے یہ طویل المعیاد سطح پر شاید جڑ نہ پکڑ سکے۔
وجہ صاف سی ہے۔ حضرت صاحب‘ ہر سیاسی چمن کے خوشہ چیں رہے ہیں تو کیا خیال ہے؟ کہ لوگ‘ ان کی چار دہائیوں کی مفاداتی سیاست کو فراموش کر کرے ، انھیں حقیقی اپوزیشن لیڈر تسلیم کرلیں گے؟ یہ ایک خام خیالی ہے۔ موجودہ صورت حال میں ‘ دو صوبوں م کے حالات سب کے سامنے ہے ، آزاد کشمیر میں بھی صورتحال ٹھیک نہیں ہے۔ اب شاید ہمارے ملک میں سیاسی معاملات کو مذاکرات سے حل کرنے کا وقت گزر چکاہے؟ اس کے آگے کیا ہوسکتا ہے۔ اس کی لاتعداد مثالیں‘ دیگر ممالک کے زوال میں آشکارہ سامنے صاف دکھائی دیتی ہیں۔ زیادہ لکھنے کا فائدہ نہیں ہے، لہٰذا جتنی کم بات لکھی جائے‘ بہتر ہے؟