لیبیا سے پاکستانیوں کی واپسی

’’عرب بہار‘‘ نے پاکستانیوں پر ’خزاں‘ کا موسم طاری کردیا ...


Editorial September 03, 2014
’’عرب بہار‘‘ نے پاکستانیوں پر ’خزاں‘ کا موسم طاری کردیا. فوٹو: ایکسپریس

لیبیا کے حالات کیا بگڑے، وہاں مقیم چھ ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کا جینا نہ صرف مشکل ہوا بلکہ روزگارکے دروازے بھی ان پر بند ہوئے، پردیس میں مصائب جھیل کر اپنے پیاروں کو اور وطن کو مالی خوشحالی فراہم کرنے والے آج وطن واپسی کے لیے بے چین ہیں ۔

پاکستان کی معیشت کا انحصار بہت زیادہ ان رقوم پر رہا ہے جو بیرون ممالک سے پاکستانی کما کر بھیجتے ہیں لیکن ''عرب بہار'' نے پاکستانیوں پر 'خزاں' کا موسم طاری کردیا اور وہ دریا غیر میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔گزشتہ روز خصوصی چارٹر پرواز لیبیا سے مزید 261 پاکستانیوں کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی جوکہ مجموعی طور پر چوتھی پرواز ہے۔ دفترخارجہ کے مطابق حکومت نے لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی چارٹر پروازوں کا انتظام کیا ہے کیونکہ حج پروازوں کی وجہ سے پی آئی اے لیبیا کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کرنے سے قاصر ہے ۔

حکومت نے گوکہ اقدامات ان غریب الوطنوں کی واپسی کے لیے انتظامات کیے ہیں، مزید پروازیں اگلے دس دن تک روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائیں گی اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن بھی اپنے فرائض سے غافل نہیں، لیکن حکومت کو اس بات کو مدنظر رکھنا چاہیے کہ لیبیا میں صورتحال انتہائی خراب ہے ان پاکستانیوں کی جلد از جلد واپسی کو ممکن بنایا جائے تاکہ ان کی جان ومال کا تحفظ کیا جاسکے۔ یہ صورتحال اس امر کی نشاندہی بھی کرتی ہے کہ وطن عزیز میں روزگار کے بہتر مواقعے نہ ہونے کے باعث پاکستانیوں کو نقل مکانی کرنا پڑتی ہے ۔