شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابی

پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے جو عظیم قربانیاں دی ہیں...


Editorial September 08, 2014
پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے جو عظیم قربانیاں دی ہیں... فوٹو: اے ایف پی/فائل

FAISALABAD: ملک بھر میں 6 ستمبر کو یوم دفاع جوش و خروش سے منایا گیا۔ یہ دن ہماری تاریخ کا وہ سنگ میل ہے جب ہماری بہادر افواج نے آزادی اور قومی وقار کا دفاع کرتے ہوئے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے 48 واں یوم دفاع شمالی وزیرستان میں فوجی جوانوں کے ساتھ دن منایا۔

انھوں نے اس موقع پر پاک فوج کی مہارت اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے ملکی دفاع کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء اور زخمیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے میر علی میں فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ایوی ایشن اور انٹیلی جنس کی مہارتوں اور کوششوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے دہشت گردوں کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے اور ان کی کمانڈ کے نظام کو تباہ کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔

انھوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کا واضح مقصد شمالی وزیرستان سمیت ملک بھر سے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنا ہے جب کہ متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی بھی کی جائے گی۔ انھوں نے متاثرین شمالی وزیرستان سے خطاب میں کہا کہ میرانشاہ' دتہ خیل' میر علی اور شوال سمیت وزیرستان میں 80 فیصد سے زائد علاقہ دہشت گردوں سے پاک کردیا ہے' جونہی مکمل علاقہ کلیئر ہوگا متاثرین کو بلاتاخیر ان کے علاقوں میں واپس بھیج دیا جائے گا۔ انھوں نے قبائلی عوام کو یقین دلایا کہ فوج اور قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے' وہ دہشت گردوں سے کسی صورت نہ گھبرائیں' آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ قبائلی عوام کی حمایت سے دہشتگردوں کا صفایا کریں گے۔

پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے جو عظیم قربانیاں دی ہیں پوری قوم کو اس پر فخر ہے۔ وہ گزشتہ دس سال سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اس جنگ میں اب تک اس کے سیکڑوں جوان شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ پاک فوج نے بڑی منصوبہ بندی اور مہارت سے شمالی وزیرستان میں آپریشن شروع کیا اور فضائی حملوں کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو تباہ کر دیا جس سے دہشت گردوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا اور فوج کے خلاف ان کی حملہ کرنے کی صلاحیت کمزور پڑ گئی۔

جنرل راحیل شریف نے واضح کر دیا کہ وزیرستان کا 80 فیصد سے زائد علاقہ فوج کے کنٹرول میں آ چکا ہے اور امید ہے کہ باقی علاقہ بھی جلد ہی دہشت گردوں سے پاک کر دیا جائے گا۔ فوج نے جس مہارت سے آئی ڈی پیز کے مسئلے سے نمٹا انھیں تمام سہولتیں فراہم کیں اور کسی قسم کی ہیجانی کیفیت پیدا نہیں ہونے دی وہ قابل تعریف ہے۔ جنرل راحیل شریف نے صورت حال واضح کر دی ہے کہ تمام علاقے پر کنٹرول ہونے کے بعد متاثرین کو ان کے علاقوں میں فوراً بھیج دیا جائے گا۔

آئی ڈی پیز کی اپنے علاقے میں واپسی کے بعد ان کی بحالی کا مسئلہ سب سے اہم ہوگا۔ حکومت پر یہ بھاری ذمے داری عائد ہوگی کہ وہ اس علاقے کو بھرپور ترقی دے اور شہریوں کو روز گار فراہم کرے۔ اگر یہ علاقہ ترقی کر جاتا اور لوگوں کی زندگیوں میں خوش حالی آ جاتی ہے تو یہاں کے لوگوں نے بطور آئی ڈی پیز جو مصائب اور تکالیف اٹھائی ہیں وہ اسے بھول جائیں گے۔ دہشت گردی کے عفریت نے پورے ملک کو نقصان پہنچایا اور قوم چاہتی ہے اس ناسور کو جلد از جلد جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔

یہی وجہ ہے کہ جب پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا تو اسے نہ صرف پوری قوم بلکہ قبائلی عوام کی بھی حمایت حاصل ہوئی اور قبائلی عوام نے آنے والے بہتر دنوں کی امید میں ہر طرح کی قربانیاں دیں۔ جنرل راحیل شریف نے بھی اس امر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کے تعاون سے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ بعض مبصرین اس خدشے کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب مکمل ہونے کے بعد دہشت گرد دوبارہ اس علاقے کا رخ کر کے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔

آرمی چیف نے اس ابہام کو دور کر دیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ان علاقوں کو کلیئر کرنے کے بعد دہشت گردوں اور ان سے منسلک گروپوں کو واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے کمزور ہونے کے اثرات پورے ملک میں محسوس کیے جا رہے ہیں، دہشت گردی کی کارروائیاں بہت کم ہو چکی ہیں اور دہشت گردوں نے سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنا کر پورے ملک میں جو خوف و ہراس کی فضا قائم کر رکھی تھی وہ بھی اب چھٹ چکی ہے۔ دہشت گردی کے باعث پورے ملک کی معیشت شدید متاثر ہو رہی تھی اور سرمایہ دار مایوس ہو کر بیرون ملک فرار ہو رہا تھا۔

آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے پوری قوم کو نیا حوصلہ اور قوت ملی ہے۔ دہشت گردی کے خطرات کمزور پڑنے سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے نہ صرف ملکی سرمایہ کار بلکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لیے راغب ہو رہا ہے۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن کی کامیابی کے بعد ملک بھر میں جہاں جہاں بھی دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے ہیں ان کے خاتمے کی طرف بھی توجہ دی جانی چاہیے۔ 6 ستمبر کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ جب قوم متحد اور پرعزم ہو تو بڑے سے بڑے دشمن کو بھی شکست دینا ممکن ہے۔