سعید اجمل پرلگائی گئی پابندی کے خلاف اپیل کریں گے چیرمین پی سی بی

سعید اجمل پر پابندی کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی اگر اپیل منظور ہوگئی تو اس پر عائد پابندی معطل ہوجائے گی،شہریارخان


ویب ڈیسک September 09, 2014
ملک میں کھیلی جارہی فرسٹ کلاس کرکٹ میں کئی بالرز کا ایکشن مشکوک ہیں، شہریار خان فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ سعید اجمل پاکستان کا اثاثہ ہیں بورڈ انہیں تنہا نہیں چھوڑے گا بلکہ ان پر عائد پابندی کے خلاف اپیل کریں گے۔

لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی نے کہا کہ آئی سی سی نے سعید اجمل کے پورے بالنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا ہے جب کہ پی سی بی کو بھی اس بات کا خدشہ تھا، اس کے باوجود موجودہ صورت حال میں سعید اجمل کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بورڈ ہر ممکن اقدام کرے گا جس کے تحت پہلے مرحلے میں سعید اجمل پر پابندی کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی، اگر اپیل منظور ہوگئی تو اس پر عائد پابندی معطل ہوجائے گی۔ اسی دوران ان کے بالنگ ایکشن میں ترمیم کی جائے گی تاکہ وہ دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرسکیں لیکن ان تمام مراحل کو طے کرنے میں کم از کم ایک سال درکار ہوگا۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ ملک میں کھیلی جارہی فرسٹ کلاس کرکٹ میں کئی بالرز کا ایکشن مشکوک ہے، جن کے ایکشن کو قوانین کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے پی سی بی کی خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس قسم کی صورتحال سے بچا جاسکے۔

مقبول خبریں