قرضوں سے متعلق عالمی بینک کی تمام شرائط پوری کردیں وفاقی وزارت خزانہ

عالمی بینک کا جائزہ مشن مالی سال کے بجٹ کے لیے دیے گئے اہداف کا جائزہ لینے کیلیے پاکستان آرہا ہے، وزارت خزانہ


Irshad Ansari September 22, 2014
عالمی بینک کا جائزہ مشن مالی سال کے بجٹ کے لیے دیے گئے اہداف کا جائزہ لینے کیلیے پاکستان آرہا ہے، وزارت خزانہ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان گروتھ ڈیولپمنٹ پالیسی کریڈٹ پروگرام کے لیے آئندہ ماہ اکتوبر میں مذاکرات شروع ہوں گے۔

اس ضمن میں وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے عالمی بینک کا اعلی سطح کا مشن اکتوبر کے پہلے پاکستان آئے گا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی بینک سے مذکورہ قرضہ لینے کے لیے بینک کی طرف سے عائد کردہ تمام اہم شرائط پوری کردی گئی ہیں۔ ذرائع نے مطابق اکتوبر کے پہلے ہفتے عالمی بینک کا جائزہ مشن مالی سال کے بجٹ کے لیے دیے گئے اہداف کا جائزہ لینے کیلیے پاکستان آرہا ہے اور وزارت خزانہ نے عالمی بینک جائزہ مشن کو مطمئن کرنے کے لیے تیاری مکمل کرلی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ عالمی بینک نے گروتھ ڈیولپمنٹ پالیسی کریڈٹ کے لیے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں پاکستان کو جی ڈی پی کے 0.7 فیصد اضافی ریونیو حاصل کرنے کے اقدامات متعارف کروانے کی شرط عائد کی گئی تھی اوراس کے لیے بجٹ میں ٹیکس اقدامات اٹھائے جاچکے ہیں۔

اس کے علاوہ وفاقی حکومت کی طرف سے مالی سال کے صوبائی بجٹ میں صوبائی سطع پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کے لیے سروسز کا دائرہ کار بڑھانے اور صوبوں میں دوسرے صوبائی ٹیکسوں میں ترامیم کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی شرط بھی پوری کردگئی ہے تاکہ صوبائی سطح پر صوبے وفاق کے تعاون سے صوبائی ٹیکسوں میں ترامیم اور جنرل سیلز ٹیکس کے نفاذ کے لیے سروسز کا دائرہ کار بڑھانے سے صوبائی بجٹ کے کم ازکم بیس فیصد کے برابر اضافی ریونیو حاصل کرسکیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اگلے ماہ عالمی بینک جائزہ مشن کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں حکومت کی طرف سے پاکستان کو گروتھ ڈیولپمنٹ پالیسی کریڈٹ کے حصول کے لیے مالی سال کے 2014-15 کے وفاقی بجٹ میں ٹیکسوں کے نفاذ کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کیا جائے گا۔