ویمنز کرکٹ میں پاکستان نے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے

تھائی لینڈ کا سفر کوارٹر فائنل میں ناکامی پر تمام، بنگلہ دیش نے نیپال کو پچھاڑ دیا


Sports Desk September 25, 2014
تھائی لینڈکا سفر کوارٹر فائنل میں ناکامی پر تمام، بنگلہ دیش نے نیپال کو پچھاڑدیا ۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

ایشین گیمز ویمنز کرکٹ میں پاکستان نے ابتدائی معرکہ جیت کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیے۔

دفاعی چیمپئن اب جمعرات کو چین کے مقابل آئیں گے، دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے میچ سے ہوگا، میڈلز مقابلے جمعے کو شیڈول ہیں۔تفصیلات کے مطابق کوارٹر فائنل میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو 51رنز سے ہرا دیا، بارش کے سبب مقابلہ14 اوورزفی اننگز تک محدود کر دیا گیا، ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا موقع ملنے پر گرین شرٹس نے 5 وکٹ پر 97رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اوپنرز مرینہ اقبال (6) اور جویریہ خان (0) کے ناکام رہنے پر نین عابدی 40 اور بسمہٰ معروف اور قنیطہ جلیل نے 16،16 رنز بنا کر کچھ ہمت دکھائی، تھائی ٹیم مقررہ اوورز میں7 وکٹ پر 46رنز ہی اسکورکر سکی، نٹایا بوچاتھم کے17رنز نمایاں رہے۔

دیگر کوئی پلیئر انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے میں نہیں پہنچا پایا، اسماویہ اقبال نے2 جبکہ سعدیہ یوسف، ثنامیر، قنیطہ جلیل اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے نیپال کو 81رنز سے قابو کرلیا، ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ ناکام سائیڈکیلیے گھاٹے کا سودا ثابت ہوا۔

فاتح الیون نے 20 اوورز میں 4 وکٹ پر107 رنز بنائے، اوپنر عائشہ رحمان نے 60 گیندوں پر 51 کی اننگز کھیلی، شہناز پروین 12 اور لتاموندل11 رنز بناکر نمایاں رہیں، حریف ٹیم نے12وائیڈز سمیت16 رنز ایکسٹراز کی صورت میں دیے، سریتا ماگر اور سیتا رانا ماگر نے 2،2 کھلاڑیوں کوپویلین چلتا کیا، نیپالی ٹیم 15.2 اوورز میں 26 رنز پر ڈھیرہوگئی، سلمہ خاتون اور رومانہ احمد نے 3،3 جبکہ جہاں آرا عالم اور فہیمہ خاتون نے 2،2 پلیئرز کو میدان بدر کیا۔