ایشین گیمز ویٹ لفٹنگ میں زو لولونے 2 ریکارڈ توڑ دیے

اولمپک سپرہیوی ویٹ چیمپئن بہداد سلیمی نے دنیا کے طاقتورانسان کا اعزاز برقرار رکھا


Sports Desk September 27, 2014
اولمپک سپرہیوی ویٹ چیمپئن بہداد سلیمی نے دنیا کے طاقتورانسان کا اعزاز برقرار رکھا۔ فوٹو : فائل

ایشین گیمز کے آٹھویں دن چین نے 91 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائے رکھا، جنوبی کوریا اور جاپان میں دوسری اور تیسری پوزیشن کیلیے رسہ کشی جاری ہے، میزبان ملک31 طلائی تمغے جیت چکا جبکہ جاپان نے30 سونے کے میڈلز حاصل کیے۔

ویمنز ویٹ لفٹنگ میں چین کی سپرہیوی ویٹ اولمپک چیمپئن زو لولو نے 2 ریکارڈ توڑتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا، 75 کے جی مقابلے میں انھوں نے 2 کلوگرام کے فرق سے روسی ویٹ لفٹر تاتانیا کیشرینا کا ریکارڈ توڑا، زولولو نے اس مرحلے میں 192 کلوگرام وزن اٹھایا، انھوں نے روسی ایتھلیٹ کا مشترکہ وزن اٹھانے کا ریکارڈ بھی 344 کے جی سے برابر کیا، دونوں ریکارڈز گذشتہ برس تاتانیا نے قائم کیے تھے، زولولو نے 75 کے جی کلاس مقابلے کو ' ون ویمن شو' بنادیا، انھوں نے مجموعی طورپر 333 کے جی کی لندن اولمپکس میں اپنی پیش کردہ پرفارمنس کو بھی بہتر بنایا جو اس وقت عالمی ریکارڈ بنا تھا، تاہم ان کا اصرار تھا کہ میں اس کو مزیدبہتر بناسکتی ہوں۔

اولمپک سپرہیوی ویٹ چیمپئن بہداد سلیمی نے دنیا کے طاقتور انسان کا اعزاز برقرار رکھا، انھوں نے اسنیچ میں 215 کے جی وزن اٹھاکر اپنے ہی قائم کردہ ریکارڈ کو1کے جی سے بہتر بنالیا، اولمپک چیمپئن سن یانگ نے سوئمنگ 1500 میٹر فری اسٹائل میں سب کو پیچھے چھوڑدیا، ورلڈ ریکارڈ ہولڈر سن یانگ نے مقررہ فاصلہ 14 منٹ49.75 سیکنڈز میں طے کیا، بھارتی تیراک سندیپ سیجوال نے 50 میٹر بریسٹ اسٹروک میں برانز میڈل پایا، قازقستان کے دیمیتری بالاندین نے سونے اورجاپانی سوئمر یوشیرو کوسیکی نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا،شوٹنگ مینز ٹریپ ایونٹ میں قطر کے فہد الدھانی نے شکوہ کیا کہ ڈریگن فلائی ڈانس کی وجہ سے میری توجہ منتشر ہوئی، جس کی وجہ سے وہ کوالیفائنگ راؤنڈ تک محدود رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں