ٹی 20 کرکٹ میں لاہور لائنز نے ایبٹ آباد فالکنز کو دبوچ لیا

آج سیمی فائنل میں ملتان ٹائیگرز سے مقابلہ ہوگا، پشاور پینتھرز اور سیالکوٹ اسٹالینز مقابل، فیصل آباد وولفز کی کامیابی


Sports Desk September 27, 2014
قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ: لاہور لائنز کے ٹیسٹ بیٹسمین کامران اکمل جارحانہ شاٹ کھیل رہے ہیں، عقب میں ایبٹ آباد کے وکٹ کیپر وقار اورکزئی موجود۔ فوٹو: راشد اجمیری

قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں ہفتے کو پہلا سیمی فائنل پشاور پینتھرز اور سیالکوٹ اسٹالینز کے درمیان ہوگا۔

فائنل تک رسائی کا دوسرا معرکہ لاہور لائنز اور ملتان ٹائیگرز کے درمیان شیڈول ہے، جمعے کو منعقدہ میچز میں لاہور لائنز نے ایبٹ آباد فالکنزکو 7 وکٹ سے دبوچ کر فائنل فور میں پہنچنے والی آخری ٹیم کا اعزاز پایا، فالکنز کو اس ناکامی نے ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا، لائنز کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ درست رہا، فالکنز19.4 اوورز میں 131رنز پر ہمت ہارگئے، احمد جمال29 اورعدنان رئیس28 رنز بناکر نمایاں رہے، یونس خان 16رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے،عماد علی اور قیصراشرف نے 2،2 وکٹیں لیں، لائنز نے 17.3 اوورز میں 3 وکٹ پر ہدف تک رسائی حاصل کرلی، کامران اکمل نے29 گیندوں پر 39رنز بٹورے، اظہر علی نے 32 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، امام الحق 15رنز بناسکے۔

فہد الحق16 پر ناٹ آؤٹ رہے۔لاہور ایگلز بھی آزاد کشمیر جیگوارز پر جھپٹ پڑے،ٹیم نے 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی، ٹاس ہارنے والے جیگوارز نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹ کھوکر 105 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اوپنر راحیل مجید46 گیندوں پر 53 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، عرفان طالب 18 اورحسن رضا15 رنز بناسکے، عثمان قادر نے 2 پلیئرز کو پویلین چلتا کیا۔

ایگلز نے ہدف تک رسائی میں 14.3 اووورز کے کھیل میں 3 وکٹیں گنوائیں، سمیع اسلم (42) اورمحمد نعیم(34) نے ٹیم کو 79 کی مضبوط بنیاد فراہم کر کے جیت کا راستہ روشن کردیا، تینوں وکٹیں عرفان طالب کے نام رہیں۔فیصل آباد وولفز نے اسلام آباد لیپرڈز کو 37رنز سے ہرایا، ٹاس جیتنے والی فاتح الیون نے 5 وکٹ پر 171 رنز جوڑے،آصف علی59 اورمصباح الحق41 ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے، جنید نادر اور زوہیب احمد نے 2،2 وکٹیں لیں، ناکام سائیڈ 9 وکٹ پر 134رنز بناسکی،نعیم انجم نے 33رنز ناٹ آؤٹ بناکرکچھ مزاحمت پیش کی، محمد طلحہٰ نے 23 رنز دیکر5 شکار کیے۔