قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے پر تحریک انصاف اور ن لیگ کے ارکان میں لڑائی

ہاتھا پائی کے دوران مسلم لیگ (ن) کے سرزمین خان کے ہونٹ پھٹ گئے۔


ویب ڈیسک September 30, 2014
جھگڑا تحریک انصاف کے حامد الحق ، اور مسلم لیگ (ن) کے سرزمین خان میں ہوا فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس کے دوران ''گو نواز گو '' کے نعرے پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی اور تحریک انصاف کے ارکان کی مکے بازی سے مسلم لیگ (ن) کے سرزمین خان کے ہونٹ پھٹ گئے جنہیں اسپتال لےجانا پڑ گیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے رکن سفیان یوسف کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس ہوا، استعفے دیئے جانے کے باوجود تحریک انصاف کے سلیم الرحمان اور حامد الحق اجلاس میں آئے تو مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے ان سے پوچھا کہ وہ استعفیٰ دے چکے ہیں پھر اجلاس میں شرکت کیوں کررہے ہیں، جس پر انہوں نے کہا کہ ان کے استعفے منظور نہیں کئے گئے اس لئے وہ اجلاس میں شرکت کرسکتے ہیں۔ اجلاس کے دوران موٹر ویز اور شاہرات کی تعمیر پر بات ہوئی تو تحریک انصاف کے رکن نے کہا کہ ان کی جماعت ہر جگہ دھرنا دے گی جس پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے کہا کہ ان کے پرانے دھرنے تو ناکام ہوچکے ہیں، اسی دوران تحریک انصاف کے ارکان نے ''گو نواز گو'' کی آواز لگائی تو مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے ''ویلکم عمران'' کے نعرے لگائے۔

نعرے بازی میں صورت حال اس قدر آگے بڑھ گئی کہ بات ہاتھا پائی تک جاپہنچی اور دونوں جماعتوں کے ارکان گھتم گتھا ہوگئے، تحریک انصاف کے ارکان کی مکے بازی سے مسلم لیگ (ن) کے سرزمین خان کے ہونٹ پھٹ گئے۔ دونوں جماعتوں کے ارکان کو سفیان یوسف نے چھڑایا اور انہیں سمجھایا کہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران تصادم کسی صورت نہیں ہونا چاہیئے۔ بعد ازاں سرزمین خان کو طبی امداد کے لئے اسپتال لے جایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں