ایشین گیمز باکسنگ میں گولڈ میڈل کا ارمان ازبک طوفان کی نذر

سیمی فائنل میں وسیم ناکام، کبڈی فائنل کھیلنے کی امیدوں پر ایران نے پانی پھیردیا


Sports Desk October 03, 2014
کراٹے میں مات، رگبی ٹیم سعودی عرب کو ہرا کر آخری پوزیشن پر آنے سے بچ گئی۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

ایشین گیمز باکسنگ میں پہلے گولڈ میڈل کا ارمان ازبک طوفان کی نذر ہوگیا۔

شکیب الدین زوروف نے فلائی ویٹ 53 کلو گرام کٹیگری کے سیمی فائنل میں محمد وسیم کو پوائنٹس پر شکست دیدی، کانسی کا تمغہ ہی پاکستانی باکسر کے ہاتھ آسکا،کبڈی فائنل کھیلنے کی امیدوں پر ایران نے پانی پھیردیا،رگبی ٹیم سعودی عرب کو مات دیکر آخری پوزیشن کی شرمندگی سے بچ گئی۔تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے شہر انچیون میں جاری ایشین گیمز مینز باکسنگ کے سیمی فائنل میں ازبکستان کے شکیب الدین زوروف نے گولڈ میڈل کی پاکستانی امیدوں کے محور محمد وسیم کو شکست دیدی۔

کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنیوالے باکسر کو فلائی ویٹ 53 کلو گرام کیٹیگری کے مقابلے میں خود سے کہیں زیادہ تجربہ کارحریف کا چیلنج درپیش تھا،ججز کے مشترکہ فیصلے میں انھیں تینوں راؤنڈز میں پوائنٹس کی بنیاد پر 27-30 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ازبک باکسر نے فائنل میں جگہ بنالی جبکہ محمد وسیم کو کانسی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا، دوسری جانب مینزکبڈی کے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم توقعات کے برعکس ایران کیخلاف قابل ذکرکارکردگی دکھانے میں ناکام رہی، پہلے ہاف میں اسکور 9-9 سے برابر تھا، دوسرے میں فاتح ٹیم نے 16اور گرین شرٹس نے 5پوائنٹس حاصل کیے، یوں ایران نے 14 کے مقابلے میں 25 پوائنٹس سے کامیابی کے ساتھ فائنل میں جگہ بنالی جہاں اس کا مقابلہ کوریا کو ہرانے والی دفاعی چیمپئن بھارت سے ہوگا۔

اس مرحلے میں ناکام دونوں ٹیموں کو برانز میڈل ملے گا۔ مینز کراٹے کوارٹر فائنلز میں بھی پاکستان کے سعدی عباس کو مکاؤ کے لیٹ لونگ نے 5-1 سے زیر کرلیا، محمد باز لاؤس کے وون گفانگ کے ہاتھوں اسی مارجن سے شکست کھاگئے،ایک اور ویٹ کیٹیگری میں انھیں قطر کے حسان ممدوح نے 4-2 سے مات دیدی،ویمنز کراٹے میں نیپالی بیمالہ تمانگ نے کلثوم کو 4-1 سے گھر کا راستہ دکھا دیا، تائیکو انڈو مقابلوں میں آسیہ بتول کو اردن کی جولیانا فوازی نے 24-4 سے مات دیدی،اسی مرحلے میں ارسلان اسد بھی رسمی کارروائی پوری کرتے ہوئے باہر ہوگئے، انھیں چائنیز تائپے کے ینگ منگ چینگ نے 13-5 سے چلتا کردیا، ٹیبل ٹینس کے الیمنیشن راؤنڈ میں جنوبی کورین ہیو وو نے راحیلہ کو 4-0 سے شکست دیدی، رگبی میں پاکستان نے سعودی عرب کو 12-7 سے ہراکر آخری 12ویں پوزیشن سے دامن بچالیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں