بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے3 کارندے مقابلے کے بعد گرفتار

سی آئی ڈی پولیس نے ملزمان کو ملیر ندی کے قریب سے گرفتار کیا، اسلحہ و مسروقہ کار برآمد


Staff Reporter September 28, 2012
گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ اب تک شہر کے مختلف علاقوں سے100سے زائد کاریں چھین کر اندرون سندھ اور پنجاب منتقل کرچکے ہیں۔ فوٹو: فائل

سی آئی ڈی سول لائن پولیس نے بین الصوبائی گروہ سے تعلق رکھنے والے3ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ کار برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی آئی ڈی آپریشن سول لائن فیاض خان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ گاڑیوں کی چھینا جھپٹی میں ملوث بین الصوبائی گروہ کے کارندے موجود ہیں۔

جس پر انھوں نے اپنی نگرانی میں ایک پولیس پارٹی تشکیل دی جس نے کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے ملیر ندی کے قریب مقابلے کے بعد3ملزمان محمد ندیم، خدا بخش اور شوکت علی کو گرفتار کرکے2ٹی ٹی پستول، ایک ریوالور، گولیاں اور ایک مسروقہ سوزوکی مہران کار بر آمد کرلی۔

فیاض خان کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ اب تک شہر کے مختلف علاقوں سے100سے زائد کاریں چھین کر اندرون سندھ اور پنجاب منتقل کرچکے ہیں، ملزمان نے بتایا کہ وہ گاڑیاں چھیننے کے بعد پہلے انھیں اپنے خفیہ ٹھکانے پر لے جاتے تھے اور ایسی گاڑیاں جن میں ٹریکر نصب ہوتا تھا جیمر لگا کر ٹریکر نکالنے کے بعد باآسانی سندھ اور پنجاب میں مسروقہ گاڑیاں خریدنے والے دیگر گروہ کو لے جا کر فروخت کردیتے تھے، سی آئی ڈی پولیس ملزمان سے مزید تحقیقات کررہی ہے ۔