تجاوزات کا خاتمہ کرکے لیاری ایکسپریس وے مکمل کرینگے کمشنر

ایکسپریس وے کے 5.3کلو میٹر رقبے پر تجاوزات ہیں


Staff Reporter September 28, 2012
کمشنر کراچی روشن علی شیخ نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں سرکاری اداروں کو خط لکھ دیا ہے۔ فوٹو: فائل

کمشنر کراچی روشن علی شیخ نے کہا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کے بقیہ حصے کا کام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔

جس کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ راستے میں قائم تمام تجاوزات ہیں ،لیاری ایکسپریس وے کے بقیہ حصے کی تعمیر کا سنگ بنیاد اکتوبرکے مہینے میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف رکھیں گے۔

تاہم اس سے قبل تعمیر ہونے والے بقیہ حصے سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، آپریشن ڈپٹی کمشنر سینٹرل اور ویسٹ کی سربراہی میں کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں اس حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی کامران شمشاد ، ڈپٹی کمشنر وسطی ڈاکٹر سیف الرحمان،ڈپٹی کمشنر غربی گنہورعلی لغاری ،ڈائریکٹر میڈیا محمد شبیہ صدیقی اوردیگر افسران موجود تھے۔