سعید اجمل کو کرکٹ سے 6 ماہ دوری اختیار کرنے کا مشورہ

آف اسپنر کا ایکشن یکسر تبدیل کرنے کی صورت میں وہ زیادہ کارگر نہیں رہیں گے


Sports Desk October 06, 2014
آف اسپنر کا ایکشن یکسر تبدیل کرنے کی صورت میں وہ زیادہ کارگر نہیں رہیں گے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ ٹی وی مبصر محمد وسیم نے سعید اجمل کو کرکٹ سے 6 ماہ کا وقفہ لینے کا مشورہ دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ آف اسپنر کو سب سے زیادہ ضرورت آرام کی ہے، اگر ان کا بولنگ ایکشن یکسر طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ زیادہ کارگر نہیں رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے ایک کالم میں کیا۔ محمد وسیم کا کہنا ہے کہ سعید اجمل کئی برس تک میری کپتانی میں خان ریسرچ لیبارٹریز کی جانب سے کھیلے، میں انھیں اور ان کی بولنگ کو بہتر طور پر جانتا ہوں، جوکچھ ان کے ساتھ ہوا اس کی بڑی وجہ بہت زیادہ بولنگ ہے، کام کے اس بوجھ سے ان کا ایکشن متاثر ہوا، میں نے پہلے ہی دبے لفظوں میں ان کی تھکن کے حوالے سے کہا تھا، بولنگ ایکشن کے بارے میں بھی مجھے شک تھا لیکن میں اس لیے خاموش رہا کہ مجھ پر نیا تنازع چھیڑنے کا الزام عائد ہوجاتا، جب وہ میری قیادت میں کے آر ایل میں کھیلتے تھے تب میں ان کو احتیاط سے استعمال کرتا تھا، بولنگ ایکشن کا مسئلہ شروع سے ہی رہا، اس لیے جب میں دیکھتا کہ وہ تھکنے لگے ہیں تو میں گیند ان سے لے لیتا اور آرام کا موقع فراہم کرتا تھا۔

محمد وسیم نے کہا کہ اس وقت لاہور کی نیشنل اکیڈمی میں سعید اجمل کی بولنگ پر کام زوروشور سے ہورہا ہے اور وہاں پر شاید ان کا مکمل بولنگ ایکشن ہی تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر ان کا مہلک پن ہی ختم ہوکر رہ جائے گا، میں سمجھتا ہوں کہ سعید اجمل کو کم سے کم کرکٹ سے چھ ماہ کا وقفہ لے لینا چاہیے، ان کو اس وقت زیادہ سے زیادہ آرام کی ضرورت ہے اور پھر جب وہ واپس آئیں تو انھیں اپنی توجہ صرف آف اسپن بولنگ پر ہی مرکوز رکھنا چاہیے، زیادہ دوسرا بالز مت کریں اور نہ ہی زیادہ تیز گیند پھینکیں، اس وقت ان کی کوئی بھی ڈلیوری قانونی حد میں نہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ 6 ماہ کے آرام کے بعد ان کی بولنگ کافی بہتر ہوجائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں