ہارون اگرکراچی چیمبرکے بلامقابلہ صدرمنتخب

شمیم فرپوسینئرنائب صدراورناصرمحمود نائب صدرہونگے،کل چارج سنبھالیں گے


Business Reporter September 28, 2012
تاجروںکے مسائل مشاورت سے حل کرائیںگے،نومنتخب صدر،’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو فوٹو : فائل

RAHIM YAR KHAN: کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی منیجنگ کمیٹی کے اجلاس میں

سال2012-13 کی مدت کیلیے محمد ہارون اگرکراچی چیمبر کے صدر،شمیم احمد فرپو سینئرنائب صدر اور ناصرمحمود نائب صدر منتخب ہوگئے، تمام عہدیداروں کو انتخاب بلامقابلہ عمل میں آیا، نومنتخب عہدیداران 29 ستمبر بروزہفتہ کراچی چیمبرکے سالانہ اجلاس عام کے بعد اپنے عہدوں کا چارج سنبھالیں گے۔

جمعرات کوکراچی چیمبرکے صدر منتخب ہونے کے بعد محمدہارون اگر نے ''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امن وامان کی خراب صورتحال اور توانائی کے سنگین بحران تجارت وصنعتی شعبے کی افزائش میں بڑی رکاوٹیں ہیں جنھیں تاجربرادری کی مشاورت سے ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی کوششیں کی جائیں گی۔

انھوں نے کہاکہ توانائی کے جاری سنگین بحران کی وجہ سے بدامنی اور بیروزگاری کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ نہ ختم ہونے والی بدامنی کے باعث تجارت وصنعتی شعبے کی سرگرمیاں سکڑتی جارہی ہیں، تجارت وصنعتی شعبے میںغیرملکی سرمایہ کاری کے ساتھ مقامی سرمایہ کاری کا عمل بھی بری طرح متاثر ہے۔

درآمدات وبرآمدات کے درمیان فرق بڑھتا جارہا ہے حالانکہ اس فرق کے 60 فیصد حصے کوبیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجودملک کو40 فیصدکے خسارے کاسامنا ہے جسے پورا کرنے کیلیے غیرملکی سرمایہ کاری کی آمد ملک کی اہم ضرورت ہے۔

جس سے نئی صنعتوں کے قیام کی سرگرمیاں نہ صرف دوبارہ شروع ہوسکتی ہیں بلکہ مقامی سرمایہ کار بھی پراعتماد انداز میں نئی سرمایہ کاری شروع کردیںگے۔