پاکستان میں انٹرنیشنل اسکواش میلے کی تیاریاں مکمل

9 ممالک ایونٹ میں شریک، غیرملکی پلیئرزکی آمد 17 اکتوبر سے شروع ہوگی


Sports Desk October 10, 2014
9 ممالک ایونٹ میں شریک، غیرملکی پلیئرزکی آمد 17 اکتوبر سے شروع ہوگی۔ فوٹو: فائل

KALLAR SYEDAN: چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے غیرملکی پلیئرز کی آمد 17 اکتوبر سے شروع ہوگی، 25 ہزار ڈالر انعامی رقم کے ایونٹ کی تیاریاں مکمل ہیں، ٹورنامنٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ 18 اکتوبر سے شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 6 سال کے وقفے کے بعد انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کا انعقاد ہونے جارہا ہے، اسکواش فیڈریشن نے ایونٹ کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کیلیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں، میزبان کورٹ مصحف علی کمپلیکس کی تزئین و آرائش بھی کی گئی ہے، غیرملکی کھلاڑیوں کو اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا، اس حوالے سے فیڈریشن اور ہوٹل میں معاہدہ طے پا چکا ہے، 25 ہزار ڈالر انعامی رقم کے ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت 9 ممالک کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ جن میں قطر، کویت، مصر، اردن، جمہوریہ چیک، امریکا ، ویلزاور آسٹریا شامل ہے، فائنل راؤنڈ کا آغاز 20 اکتوبر ہوگا، جس میں ناصر اقبال، فرحان زمان، فرحان محبوب، دانش اطلس خان، خواجہ عادل مقبول، عامر اطلس خان اور طیب اسلم بھی شریک ہونگے۔

غیرملکی کھلاڑیوں میں ٹاپ سیڈ مصری عمر عبدالمغید، ویلز کے پیٹر گریڈ، قطری عبداللہ التمیمی، آسٹریا کے عقیل الرحمان اور کویتی عمار التمیمی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ 18 اکتوبر سے شروع ہوگا جس میں امریکا اور کویت کے دو پلیئرز شریک ہونگے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ 17 اکتوبر سے شروع ہوگا اور 19 اکتوبر کو تمام کھلاڑی پاکستان پہنچ جائیں گے۔ ٹورنامنٹ 25 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں