کیون پیٹرسن کے الزامات سے جیمز اینڈرسن دکھی

الزامات بے سروپا ہیں، اینڈی فلاور کی زیر کوچنگ ٹیم نے کامیابیاں سمیٹیں، پیسر


Sports Desk October 11, 2014
الزامات بے سروپا ہیں، اینڈی فلاور کی زیر کوچنگ ٹیم نے کامیابیاں سمیٹیں، پیسر ۔ فوٹو : فائل

QUETTA: ایشز سیریز کے دوران انگلش ڈریسنگ روم کے جھگڑوں کی کہانی منظرعام پر آگئی۔

اس دورے کے بعد انگلش اسکواڈ سے باہر کیے جانے والے کیون پیٹرسن نے گذشتہ دن اپنی آپ بیتی شائع کردی، تاہم اس کیلیے انھوں نے ای سی بی سے اپنے معاہدے کے مکمل ہونے تک انتظار کیا، پیٹرسن نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ جیمز اینڈرسن کی وجہ سے بھی انگلش ڈریسنگ روم میں انتشار ہوا تھا، اس معاملے پرردعمل دیتے ہوئے اینڈرسن نے کہا کہ اسٹار بیٹسمین کے الزامات کو یکسر مسترد کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پیٹرسن کے دعوے سن کر دکھ ہوا، پیٹرسن کا کہناتھا کہ انگلش ٹیم میں متکبرانہ کلچر تھا۔

اس سے قبل سابق انگلش کپتان اینڈریو اسٹروس بھی پیٹرسن کے الزامات کو ' پاگل پن ' قرار دے چکے ہیں، اس کتاب میں پیٹرسن نے سابق کوچ اینڈی فلاور اور وکٹ کیپر میٹ پرائر کو بھی آڑے ہاتھوں لیاہے، ان کا دعویٰ ہے کہ یہ دونوں افراد بولرز کے ساتھ ملکر اس گروپ کا حصہ تھے جو دیگر پلیئرز کی تضحیک کرتا تھا، لارڈز میں اسپانسر ایونٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اینڈرسن نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پیٹرسن کے خیالات جان کر بہت صدمہ ہوا، ہم گذشتہ سات سے آٹھ برسوں سے ساتھ کھیل رہے تھے اور اسی ڈریسنگ روم کا حصہ رہے ہیں۔