شارع فیصل سی این جی اسٹیشن پر خوفناک دھماکا 3 ملازم جھلس گئے

دھماکا سوئچ روم میں ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے ہوا ،بارود استعمال نہیں کیا گیا، پولیس، اورنگی میں سیوریج لائن میں۔۔۔


Staff Reporter October 11, 2014
شارع فیصل کے سی این جی اسٹیشن میں کمپریسر پھٹنے سے تباہی پھیلی ہوئی ہے جبکہ رضاکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

شارع فیصل پر سی این جی فیول اسٹیشن پر خوفناک دھماکے سے 3 ملازم جھلس کر زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق وائر لیس گیٹ کے قریب واقع اسپیڈی سی این جی فیول اسٹیشن کے سوئچ روم میں زور دار دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل یونٹ کے عملے کو طلب کر لیا، دھماکے کے نتیجے میں سوئچ روم میں موجود سی این جی فیول اسٹیشن 1 کے ملازم 30 سالہ شاہد ولد نصیب اﷲ اور وقار سمیت 3 ملازم جھلس کر زخمی ہوگئے، بم ڈسپوزل کے عملے نے موقع پر پہنچ کر پورے علاقے کو چیک کرنے کے بعد کلیئر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ دھماکا سوئچ روم میں ٹکنیکل خرابی کی وجہ سے ہوا،کسی قسم کا بارودی مواد استعمال نہیں کیا گیا۔

ایس ایچ او فرید جت نے بتایا کہ دھماکہ انتہائی زور دار تھا جس کے نتیجے میں سی این جی فیول اسٹیشن کا سوئچ روم مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ فیول اسٹیشن کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے، انھوں نے بتایا کہ واقعہ میں دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے ہیں، ہوسکتا ہے کہ گیس کا اخراج ہورہا ہو اور اس دوران سوئچ آن آف کئے جانے سے کوئی چنگاری نکلی اور دھماکہ ہوا تاہم تحقیقات کی جا رہی ہے۔

اورنگی ٹاؤن نمبر ایک میں سیوریج لائن میں گیس بھر جانے سے خوفناک دھماکے سے خوف ہراس پھیل گیا، اطلاع ملنے پر پولیس اور ینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر بم ڈسپوزل یونٹ کے عملے کو طلب کر لیا، پولیس کے مطابق دھماکا سیوریج لائن میں گیس بھر جانے سے ہوا تھا کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے بھی چیک کرنے کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دیدیا۔