پنجاب حکومت اپنے مالشیوں کی وجہ سے پریشان ہورہی ہے شیخ رشید

گوالمنڈی کاجلسہ کامیاب ہوگیا تویہ ٹرننگ پوائنٹ ہو گا،ٹو دی پوائنٹ میں گفتگو


Monitoring Desk September 28, 2012
گوالمنڈی کاجلسہ کامیاب ہوگیا تویہ ٹرننگ پوائنٹ ہو گا،ٹو دی پوائنٹ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

KARACHI: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاہے کہ لاہور پاکستان کا دل ہے اور یہ مردہ دل قوم تب تک نہیں جاگے گی جب تک لاہورنہیںجاگے گا۔

گوالمنڈی میں جلسہ کرکے عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کرناچاہتا ہوں، پنجاب حکومت اپنے مالشیوں اوردرباریوں کی وجہ سے پریشان ہورہی ہے، پنجاب حکومت ہمارے جلسے کو ناکام بنانے کے لیے کوششیں کررہی ہے، اگر جلسہ کامیاب ہوگیا تو یہ ٹرننگ پوائنٹ ہو گا،کرپشن ہمارے ماتھے کاجھومر بن چکی ہے اس کو براکہنا وقت کا ضیاع ہے، سارے سیاستدان نااہل چور اورکرپٹ ہیں، انھوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا یہ سب جھوٹ بول رہے ہیں، یہ الیکشن کی بات کررہے ہیں ان کے پاس وسائل ہی نہیں یہ قرض اٹھا کر الیکشن لڑیں گے، میڈیا سب کچھ دکھا رہا ہے لیکن قوم بے حس ہوچکی ہے ۔

ان خیالات کااظہار شیخ رشید نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سب عدلیہ پر کیچڑ اچھال رہے ہیں، اتنے دن ہوگئے ہیں ایک خط کا ڈرافٹ تیار نہیں ہورہا یہ بھلا خط لکھ رہے ہیں یا رضیہ بٹ کا ناول، انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو پھر ''کو'' ہوگا، گوالمنڈی کا جلسہ ٹیسٹ ہے، جمہوریت کے نام پر جس طرح موجودہ حکومت نے ڈاکہ ڈالا اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔