کورنگی ندی کے قریب پولیس مقابلے میں 2 اغوا کار ہلاک بچی بازیاب

اغوا کاروں نے اسکول پرنسپل ریاض کی 2 سالہ بیٹی یمنیٰ کو اغوا کرکے 5 لاکھ روپے تاوان مانگا، 3 لاکھ میں معاملات طے ہوگئے


Staff Reporter October 16, 2014
کورنگی سے بازیاب کرائی جانیوالی یمنٰی۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے ملیر ندی کے قریب مقابلے کے بعد 2 اغوا کاروں کو ہلاک کرکے2 سالہ مغوی بچی کو بازیاب کرالیا، اغوا کاروں نے اسکول مالک کی بچی کو منگل کو دوپہر 12 بج کر 40 منٹ پر اغوا کیا تھا اور 5 لاکھ روپے تاوان مانگا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کورنگی نذیر احمد میر بہر کی سربراہی میں ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا انسپکٹر آفتاب رند نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کورنگی گلزار کالونی سیکٹر8/F ملیر ندی بند نمبر8 میں مقابلے کے دوران 2 اغوا کاروں کو ہلاک کر دیا ، ایس ایچ او آفتاب رند نے ایکسپریس کو بتایا کہ کورنگی بلال کالونی باچا خان چوک پر واقع نجی اسکول کے مالک و پرنسپل محمد ریاض منگل کی دوپہر12 بجکر 40 منٹ پر 2سالہ بیٹی یمنیٰ کے ساتھ اپنے دیگر بچوں کو لینے اسکول جا رہے تھے کہ ملزمان یمنیٰ کو اغوا کر کے لے گئے جس کی اطلاع محمد ریاض نے فوری طور پر کورنگی صنعتی ایریا پولیس کو دی۔

ایس ایس پی احمد میر بہر نے واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچی کے والد محمد ریاض کا موبائل فون نمبر سی پی ایل سی کی مدد سے چیکنگ پر لگوا دیا تاکہ اغوا کار جب تاوان کے لیے رابطہ کریں تو ان ان کی لوکیشن چیک کی جا سکے، ایس ایس پی کا مشورہ کام کر گیا، ملزمان نے مغوی بچی کے والد کو فون کر کے5 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا، ایس ایس پی کے مشورے پر اسکول مالک اغوا کاروں سے تاوان کی رقم کم کرانے کے لیے کافی دیر تک بات چیت کرتا رہا بعد ازاں 3 لاکھ روپے لے کر بچی کو چھوڑنے کے لیے ملزمان تیار ہو گئے اور رقم لینے آنے کے لیے جگہ کا تعین بھی کرلیا گیا۔

ایس ایس پی کی نگرانی میں پولیس نے طے شدہ مقام کو چاروں طرف سے گھیر لیا جیسے ہی ملزمان موقع پر پہنچے تو پولیس نے ان کی طرف گھیرا تنگ کیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم موقع پر ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

زخمی ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنا نام 22 سالہ انوار الحق ولد ارشاد الحق جبکہ ہلاک ہونے والے اغوا کار کا نام 30 سالہ بلال شیخ ولد منٹھار شیخ بتایا ملزم نے پولیس کو بتایا کہ انھوں نے مغوی یمنیٰ کو ندی کے قریب مکان میں رکھا ہوا جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رسی سے بندھی 2 سالہ یمنیٰ کو بازیاب کرا لیا ، ہلاک و زخمی ملزمان کے قبضے سے دو پستول برآمد کر کے جناح اسپتال پہنچایا جہاں ملزم بلال شیخ بھی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں