ٹور میچ اسد شفیق نے آسٹریلوی بولرز کے ہوش اڑا دیے

قیادت کرنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین کے ناقابل شکست 108 رنز، پاکستان نے 8 وکٹ پر 305رنز اسکور بورڈ پر سجادیے


Sports Desk October 16, 2014
ٹور میچ: آسٹریلینز کیخلاف پاکستان ’ اے ‘ کے قائد اسد شفیق ایکشن میں، انھوں نے 108رنز اسکور کیے۔ فوٹو : گیٹی امیجز

PESHAWAR: ٹور میچ کے ابتدائی دن اسد شفیق نے سنچری داغ کر آسٹریلوی بولرز کے ہوش اڑادیے۔

نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین کی عمدہ اننگز کی بدولت پاکستان ' اے ' نے کینگروز کیخلاف شروع ہونے والے چار روزہ ٹور میچ کے ابتدائی دن 8 وکٹ پر 305رنز جوڑ لیے، اسد 108 پر ناقابل شکست رہے، انھوں نے156 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13چوکے اور4 سکسر بھی جڑے، احمد شہزاد 55 ، حارث سہیل43 اور بابر اعظم نے 40 کی اننگز کھیل کر ٹیسٹ میچز کیلیے اپنے دعووں کو مضبوط کرلیا، وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل نے پویلین واپسی سے قبل 25رنز اپنے نام جوڑے، اسٹیو اوکیف نے 3 اور پیٹرسڈل نے 2 پلیئرز کو پویلین رخصت کیا۔دوسرے دن کی شروعات آسٹریلوی اوپنرز کرس روجرز اور فل ہیوز کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلینز کیخلاف واحد چار روزہ ٹور میچ کے ابتدائی دن ٹاس جیتنے کے بعد فلیٹ وکٹ پر پاکستان ' اے ' کے کپتان اسدشفیق نے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے میں ذرا بھی تامل نہیں کیا، وکٹ اسپنرز کیلیے مددگار رہی، فاسٹ بولرز کو محض نئی گیند پر ہی کچھ باؤنس مل پایا، دونوں ٹیموں نے اپنے اسکواڈز کے تمام پلیئرز کو موقع دینے کے پیش نظر اس میچ کو فرسٹ کلاس کا درجہ نہ دینے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان نے ابتدائی دن کے مکمل 90 اوورز بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹ پر 305 رنز اسکور بورڈ پر جمع کیے، ون ڈے سیریز میں مشکلات سے دوچار رہنے والی پاکستانی بیٹنگ لائن کے سپوت اسد شفیق نے تھری فیگر اننگز کھیل کر اعتماد بحال کرلیا، احمد شہزاد بھی 55 رنز بنانے میں کامیاب رہے، اسد نے اپنی سنچری 156 گیندوں پر مکمل کی جس پر انھوں نے پیٹر سڈل کو مڈوکٹ پر باؤنڈری لگاکر یہ کارنامہ انجام دیا۔

آسٹریلوی پیسرز پیٹر سڈل اور مچل جونسن کو ابتدا میں وکٹ سے کچھ مدد ملی، جونسن نے اوپنر شان مسعود کو اپنے دوسرے اوور میں وکٹوں کے عقب میں بریڈ ہیڈن کا شکار بنالیا، شان نے 13 گیندوں پر6 رنز بنائے، ون ڈاؤن اسرار اللہ بھی کوئی خاص تاثر قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے، سڈل کی بولنگ پر گیند ان کے بیٹ کے باہری کنارے کو چھوتی ہوئی تھرڈ سلپ میں اسٹیون اسمتھ کی جانب لپکی، جنھوں نے شاندار کیچ تھامنے میں کوئی غلطی نہیں کی، اسرار نے5 رنز بنائے، جونسن کو ابتدائی اوورز کے بعد طویل وقفے دینے کے بعد دن کے درمیانی اوورز میں سامنے لایاگیا، جہاں پر انھوں نے اپنے باؤنسرز سے اسد شفیق کے اعتماد کو متزلزل کرنے کی ناکام کوشش کی، اس میں ایک پر شفیق نے سلپ میں چوکا لگاکر اپنی ففٹی مکمل کی تھی۔

احمد شہزاد 55 اور بابر اعظم 40 کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 87رنز کی ساجھے داری نے قومی ٹیم کو 11 پر پہنچنے والے دو ابتدائی نقصانات کی کسی حد تک تلافی کردی، شہزاد کی وکٹیں بین ہلفنہاس نے اڑادیں، وہ 98 کے ٹوٹل پر میدان بدرہوئے، بابر اعظم بھی40رنز بنانے کے بعد اوکیف کی گیند پر مڈ آن پوزیشن پر جیمز فالکنر کا کیچ بن گئے،123 پر چار پلیئر زکے میدان بدر ہونے کے بعد اسدشفیق اور حارث سہیل آسٹریلوی بولرز کے سامنے چٹان کی مانند ڈٹ گئے، انھوں نے پانچویں وکٹ کیلیے 100 رنز کی شراکت بناکر حریف بولرز کے اعصاب کا امتحان لیا، تاہم حارث اوکیف کا دوسرا شکار بن گئے، پاکستانی بیٹسمین نے آسٹریلوی اسپنر کو مڈ وکٹ پر چھکا مارنے کے بعد ان کی اگلی گیند پر وکٹ گنوادی، وہ کلین بولڈ ہوئے، حارث نے 4چوکوںاور ایک سکسر کی مدد سے 43 کی بھرپور اننگز کھیلی،عدنان اکمل کی مزاحمت 25رنز پر جواب دے گئی ، وہ بھی اوکیف کی گیند پر پہلی سلپ میں مائیکل کلارک کو کیچ تھماکر پویلین چلتے بنے۔

رضا حسن 5 کو پیٹرسڈل نے ایل بی ڈبلیو کیا، دن کے اختتامی اوور میں پاکستان کی آٹھویں وکٹ محمد طلحہ کی صورت گری، انھیں اسمتھ کی گیند پر ہیڈن نے اسٹمپڈ کیا، وہ محض2رنز بناسکے، احسان عادل بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے، اسدشفیق نے 108 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اوکیف نے 23 اوورز میں76رنز کے عوض3 وکٹوں کا سودا کیا، پیٹرسڈل نے 2 وکٹوں کے حصول میں 61 رنز دیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں