ٹور میچ کمزور آسٹریلوی بیٹنگ میں ڈولان نے جان ڈال دی

4روزہ پریکٹس میچ کے پہلے روز پاکستان نےکپتان اسد شفیق کی سنچری کی بدولت 8وکٹ پر 305رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔


Sports Desk October 17, 2014
ٹنس اور فارم ثابت کرنے کیلیے کوشاں کپتان مائیکل کلارک کی اننگز صرف 10رنز تک محدود رہی۔ فوٹو : بی سی سی آئی

ABU DHABI: پاکستان اے سے چارروزہ ٹور میچ میں کمزور آسٹریلوی بیٹنگ میں ڈولان نے جان ڈال دی۔

پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے چٹان بنے رہے، سنچری سے ٹیم کا اسکور 8 وکٹ پر 273 تک پہنچایا۔ ٹیسٹ بیٹنگ آرڈرمیں تیسری پوزیشن پر بھی حق جتا دیا۔ اسٹیون اسمتھ پر اعتماد ففٹی بنا کر ریٹائر ہوئے، دیگر بیٹسمینوں میں بریڈ ہیڈن 38ناٹ آؤٹ کے سوا کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا، فٹنس اور فارم ثابت کرنے کیلیے کوشاں کپتان مائیکل کلارک کی اننگز صرف 10رنز تک محدود رہی، پاکستان کی برتری صرف 32 رنز رہ گئی۔ محمد طلحہ،راحت علی،احسان عادل، رضا حسن،عطااللہ، کرامت علی نے ایک ایک شکار کیا۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ میں جاری 4روزہ پریکٹس میچ کے پہلے روز پاکستان نے کپتان اسد شفیق کی سنچری کی بدولت 8وکٹ پر 305رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی، جمعرات کو آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی ڈگمگا گئی،کرس روجر کو اننگز کی پہلی گیند پر ہی محمد طلحہ نے ایل بی ڈبلیو کردیا، فل ہیوز بڑی مشکلوں سے اعتماد سے عاری 14رنز ہی بنا پائے۔

راحت علی کی گیند کو سمجھنے میں ناکامی کا انجام ایل بی ڈبلیو کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ چند ماہ سے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آسٹریلوی سلیکٹرز کے زیر غور الیکس ڈولان کو ون ڈے سیریز میں آزمانے سے گریز کیا گیا تھا، اس بار موقع ملا تو بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے جم کر کھیلے اور ایک اینڈ سنبھالے رکھا، انجری سے صحتیاب ہونے کے بعد فارم اور فٹنس کی بحالی کیلیے کوشاں مائیکل کلارک کی اننگز احسان عادل نے 10تک محدود کردی،کپتان نے کٹ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گیند شان مسعود کے ہاتھوں میں تھما کر پویلین کی راہ لی، 58 پر 3 وکٹوں کا نقصان اٹھانے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کو اسٹیو اسمتھ نے سنبھالا دیا۔

انھوں نے 58پر ریٹائر ہونے سے قبل ڈولان کے ہمراہ 106رنز کی شراکت نبھائی،ان کی جگہ بیٹنگ کیلیے آنے والے مچل مارش کو عطا اللہ نے کھاتہ کھولنے سے پہلے ہی بولڈ کردیا یوں ٹیسٹ میچ سے قبل ان کی فارم بحال ہونے کی امیدیں حسرت میں بدل گئیں، سنچری مکمل کرنے کے بعد ڈولان کی چٹان نے خود ہی پاکستانی بولرز کی راہ سے ہٹنے کا فیصلہ کیا اور 104رنز پر ریٹائر ہوکر پویلین لوٹ گئے،ان کی اننگز میں 12چوکے اور 3چھکے شامل تھے، انھوں نے اسپن اور پیس بولنگ کو یکساں مہارت سے کھیلتے ہوئے 22اکتوبر کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت کا امکان روشن کرلیا ہے۔

مچل جانسن کو کرامت علی نے 7رنز پر ایل بی ڈبلیو کرکے ہاتھ کھولنے کے موقع سے محروم کیا، پیٹر سڈل 16رنز بناپائے تھے کہ اسپنر رضا حسن اور اسد شفیق کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوگئے،اس وقت مجموعی اسکور 256 تھا،بریڈ ہیڈن نے ناقابل شکست 38رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹوٹل 8 وکٹ پر 273تک پہنچایا،اوکیف 4پر ناٹ آؤٹ ہیں، پاکستان کی برتری 32رنز رہ گئی ہے۔ میزبان ٹیم کی طرف سے محمد طلحہ34، راحت علی 25، احسان عادل14، رضا حسن59،عطا اللہ46، کرامت علی 48 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، عمران خان 21رنز کے بدلے میں کسی بیٹسمین کو پویلین نہ بھیج سکے۔