ٹور میچ حارث اور بابر کی ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے پر دستک

دونوں نوجوان بیٹسمینوں نے ناقابل شکست سنچریوں سے پاکستان اے ٹیم کا ٹوٹل 3وکٹ پر 306رنز تک پہنچا دیا۔


Sports Desk October 18, 2014
آسٹریلیا نے دوسرے روز کے اختتام تک 8وکٹ پر 273رنز بنائے ۔ فوٹو : گیٹی امیجز

حارث سہیل اوربابر اعظم نے وارم اپ میچ میں عمدہ پرفارمنس سے ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے پر دستک دیدی۔

دونوں نوجوان بیٹسمینوں نے ناقابل شکست سنچریوں سے پاکستان اے ٹیم کا ٹوٹل 3وکٹ پر 306رنز تک پہنچا دیا،میزبان ٹیم کو اننگز 8وکٹ پر 273رنز بناکر ڈیکلیئر کرنے والے کینگروز کیخلاف 338رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق شارجہ میں جاری وارم اپ میچ پاکستان اے نے اپنی پہلی اننگز 8وکٹ پر 305رنز بناکر ڈیکلیئر کردی تھی، جواب میں آسٹریلیا نے دوسرے روز کے اختتام تک 8وکٹ پر 273رنز بنائے اور جمعے کو میزبان ٹیم کو بیٹنگ کا موقع دیا۔

پاکستان اے نے بہتر آغاز کرتے ہوئے اوپننگ شراکت میں 62رنز بنائے، پہلی وکٹ شان مسعود کی صورت میں گری، انھیں 19پر میدان بدر کرنے کیلیے ناتھن لیون وکٹوں کے عقب میں موجود مقامی وکٹ کیپر ثقلین حیدر کی معاونت کی، جو بریڈ ہیڈن کی جگہ کیپنگ کیلیے آئے تھے، اسپنر نے اگلی ہی گیند پر اسراراللہ کو بھی ایل بی ڈبلیو کردیا،87کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد رن آؤٹ ہوگئے،اس کے بعد حارث سہیل کو بابر اعظم کا ساتھ حاصل ہوگیا، دونوں نے آسٹریلوی پیسرز اور اسپنرز کے تمام تر حربے ناکام بناتے ہوئے اپنی اننگز کو مستحکم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا، بابر اعظم 114جبکہ حارث سہیل 103رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان اے کا ٹوٹل 3وکٹ پر 306رنز تک لیجانے میں کامیاب ہوگئے، دونوں کے درمیان 219رنز کی شراکت جاری ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بدھ کو20ویں سالگرہ منانے والے بابر اعظم نے فرسٹ کلاس کرکٹ کے 15میچز میں 27.80کی اوسط سے 584رنز بنائے ہیں جن میں ایک بھی سنچری نہیں،ان کا ایک اننگز میں زیادہ سے زیادہ اسکور 80ناٹ آؤٹ ہے، دوسری جانب 26سالہ حارث سہیل کی عمدہ پرفارمنس نے بھی ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے پر دستک دیدی ہے، انھوں نے گزشتہ سال 4ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 15کی اوسط سے 45رنز بنائے ہیں، واحد ٹوئنٹی 20میچ میں وہ صرف ایک رن بناسکے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں