شہری کی گمشدگی قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے جواب طلب کر لیا گیا

حراستی مرکز کی فہرست میں موجود قیدی کے بارے میں معلومات فراہم نہ کرنے پر عدالت کا شدید اظہار برہمی


Staff Reporter October 18, 2014
گمشدگی کے خلاف درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس احمد علی ایم شیخ اور جسٹس محمد فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ نے نارتھ ناظم آباد کے علاقے سے عبدالجلال کی گمشدگی کے حوالے سے دائر درخواست پر ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی ،ڈی جی رینجرز ،سیکریٹری داخلہ سندھ سمیت دیگر مدعاعلیہان سے 30اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔

گمشدگی کے خلاف درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس احمد علی ایم شیخ اور جسٹس محمد فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی ،درخواست گزار سعید جلال نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ 7ستمبر 2014کو نارتھ ناظم آباد کے علاقے سے گاڑی نمبر SP-6581 میں سوار سادہ لباس اہلکاروں نے اس کے بھائی عبدالجلال اور نعمت سعید صابر کو حراست میں لیا ، بعد میں نعمت سعید صابر کو رہا کردیا گیالیکن عبدالجلال تاحال لاپتہ ہے،سماعت کے دوران ایس ایچ او شارع نور جہاں نے عدالت میں رپورٹ پیش کی کہ پولیس ریکارڈ کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے سے عبدالجلال کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی سے لاپتہ احسان اللہ کے بارے میں سیکرٹری دفاع سے 30اکتوبر تک تفصیلات طلب کرلی، سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس احمد علی ایم شیخ اور جسٹس محمد فاروق شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے احسان اللہ کے بھائی سیف اللہ کی درخواست کی سماعت کی ،درخواست گزار سیف اللہ کے وکیل عبدالوحید نے موقف اختیار کیا تھا کہ کراچی کے علاقے سمن آباد سے 26ستمبر 2012کو احسان اللہ کو سادہ لباس اہلکار اپنے ساتھ لے گئے تھے جو تاحال لاپتہ ہے۔

عدالت نے پہلے بھی متعدد بار وفاقی حکومت کو احسان اللہ کی گمشدگی کے حوالے سے اہل خانہ کو اطلاع فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے لیکن تاحال لاپتہ احسان اللہ کے بارے میں اہل خانہ کو آگاہ نہیں کیاجارہا ہے،گذشتہ سماعت پر بھی ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ وفاقی حکومت کے حراستی مرکز میں موجود776افراد کی لسٹ میں احسان اللہ کا نام موجود ہے لیکن اب تک احسان اللہ کے اہل خانہ کو اس حوالے سے آگاہ نہیں کیاجارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں