پاکستان اے ٹیم نے 4 روزہ ٹیسٹ میچ میں کینگروزکو شکست دے دی

339 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کینگروز ٹیم 185 پرڈھیرہوگئی جبکہ حسن رضا اور محمد طلحہ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔


ویب ڈیسک October 18, 2014
پاکستان اے نے پہلی اننگز میں 305 اور دوسری میں306 رنزبنائے جبکہ کینگروز اے نے پہلی اننگز میں 273 اور دوسری میں صرف 185 رنز بنائے۔ فوٹو؛ گیٹی امیج

پاکستان اے ٹیم نے چار روزہ ٹیسٹ میچ میں کینگروز ٹیم کو 153 رنز سے شکست دے دی۔


شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان اے ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 305 اور دوسری میں 306 رنز پر اننگز ڈکلئیر کی جبکہ میچ کے چوتھے اور آخری روز آسٹریلیا کو جیت کے لئے 339 رنز کا ہدف ملا تاہم کینگروز بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اوپننگ بلے باز فلپ ہاگز 65، پیٹر سڈل 41، مچل مارش 35، گلین میکسویل 18 اور مچل اسٹارک 11 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن رضا اور محمد طلحہ نے 3،3 جبکہ راحت علی نے 2 اور عمران خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔


واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں کپتان اسد شفیق کی سنچری کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کردی تھی جبکہ دوسری اننگز میں بھی قومی ٹیم نے 3 وکٹوں پر 306 رنز بنائے جس میں بابر سہیل اور حارث سہیل کی سنچریاں شامل تھیں جبکہ کینگروز اے ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 273 اور دوسری میں صرف 185 رنز بنائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں