قومی شاہراہ اور ناتھا خان سگنل پر گاڑیوں نے3افراد کو کچل دیا

نیشنل ہائی وے پر گاڑی کی ٹکر سے یوسف، رفیق اورنعمان زخمی ہوئے،اسپتال منتقلی کے دوران 2 افراد نے دم توڑ دیا.


Staff Reporter October 19, 2014
موٹر سائیکلوں کے حادثات میں2بھائی اور2نوجوان زخمی. فوٹو:فائل

شہر میں ٹریفک حادثات کے دوران 3 افراد ہلاک اور2بھائیوں سمیت7 افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق نوری آباد نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر ہفتہ کی صبح نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے3 افراد 20 سالہ یوسف ولد نواز علی ، 55 سالہ رفیق اور 22 سالہ نعمان ولد نور محمد زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ یوسف اور رفیق نے راستے میں دم توڑ دیا پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو نجی اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں سے 2 افراد کے دم توڑنے کے بعد ورثا لاشیں پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے،اسپتال سے ملنے والی اطلاع کے مطابق جاں بحق افراد میمن گوٹھ کے رہائشی تھے،شاہ فیصل کالونی کے علاقے ناتھا خان سگنل کے قریب تیز رفتار ٹرک نمبر کے ایم 1409 کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار3 دوست 22 سالہ سلطان ولد منصور، 23 سالہ جنید ولد صغیر احمد اور 25 سالہ علی انور ولد علی اکبر اور ٹرک ڈرائیور ظفر ولد یوسف زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا جہاں سلطان دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، متوفی عظیم پورہ شاہ فیصل کالونی کا رہائشی تھا، متوفی کے والد نے بتایا ہے کہ متوفی کا آبائی تعلق سرگودھا سے ہے ، سلطان سعودیہ میں ٹھیکیدار کے پاس ملازمت کرتا تھا اور ان دنوں چھٹیوں آیا تھا، متوفی اپنے دوستوں کے ہمراہ تفریح کے لیے جارہا تھا کہ شاہراہ فیصل ناتھا خان سگنل کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار نے ٹرک کو روکنے کی کوشش کی ٹرک ڈرائیور نے پولیس سے بچنے کے لیے رفتار تیز کرکے موٹر سائیکل سوار 3 دوستوں کو روند ڈالا، پولیس نے جناح اسپتال سے زیر علاج ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔

شاہراہ فیصل نرسری اسٹاپ کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے عامر اور اس کا بھائی نعمان زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لایا گیا، پنجاب چورنگی کے قریب 2 موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 20 سالہ حمید جیدی اور 22 سالہ وسیم چانڈیو زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔