پیپلز پارٹی ٹکراؤ کی سیاست نہیں چاہتی اویس مظفر

اپنے وژن روٹی، کپڑا اور مکان پرعمل پیرا ہوکر عوام کو روزگار فراہم کررہے ہیں، اویس مظفر


Staff Reporter October 21, 2014
بلاول بھٹوزرداری محترمہ بینظیر بھٹو کے حقیقی وارث ہیں، اویس مظفر۔ فوٹو: این این آئی

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر سید اویس مظفر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ٹکراؤ کی سیاست نہیں چاہتی۔

پیر کو بلاول ہاؤس سے متصل اپنی رہائش گاہ پر سجاول اور ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والی لیڈیز ہیلتھ ورکرز میں تقررناموں کی تقسیم کے موقع پرصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا وژن روٹی، کپڑا اور مکان ہے اوروہ اسی نعرے پرعمل پیرا ہوکر عوام کو روزگار اوردیگر سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی اپنے وژن اورمحترمہ بینظیربھٹو کے مشن کوآگے بڑھاتے ہوئے عوام کو روز گار فراہم کررہی ہے۔ اسی وژن اورمشن کوآگے بڑھاتے ہوئے سندھ حکومت نے 22 ہزار لیڈیز ہیلتھ ورکرز کومستقل کیا ہے جبکہ دیگر ملازمین کو بھی جلدمستقل کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کرچلنا چاہتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے بھی ہدایت کی ہے کہ بی بی کے مفاہمتی عمل کوجاری رکھتے ہوئے تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کرچلا جائے۔ انھوں نے کہاکہ کچھ لوگ قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی کاپی کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن کرنہیں پاتے کیونکہ بھٹو بننا آسان نہیں۔ اس سوال کے جواب میں کہ بھٹوکا وارث بھٹو ہوسکتا ہے زرداری نہیں، اویس مظفر نے کہاکہ یہ سوچ فردواحد کی ہوسکتی ہے سب کی نہیں۔ بلاول بھٹوزرداری محترمہ بینظیر بھٹو کے حقیقی وارث ہیں۔