ورلڈ کپ شریک ٹیموں کیلیے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت

آسٹریلوی پلیئرز کے کمروں تک انجان شخص کی رسائی نے منتظمین کو چوکنا کر دیا۔


Sports Desk September 29, 2012
آسٹریلوی پلیئرزکے کمروں تک انجان شخص کی رسائی نے منتظمین کو چوکنا کر دیا۔ فوٹو : اے ایف پی

آسٹریلوی پلیئرز کے کمروں تک ایک انجان شخص کی رسائی نے منتظمین کو چوکنا کر دیا۔

ازسرنو جائزے کے بعد سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، ایک سینئر آفیشل کے مطابق بعض نئے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب مذکورہ سری لنکن شہری پر عدالت نے ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے ایک ماہ تک معطل جیل کی سزا بھی سنائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کیلیے سری لنکا نے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کا دعویٰ کیا۔

مگر ایک واقعے نے اس پر سوالیہ نشان ثبت کر دیا،پیر کے روز کولمبو میں آسٹریلوی ٹیم کی قیام گاہ سینیمون گرینڈ ہوٹل میں ایک21 سالہ شخص عبدالکریم پلیئرز کے کمروں تک پہنچ گیا،پولیس کے مطابق اس نے دو کھلاڑیوںکو غیراخلاقی کام کیلیے پیشکش کی۔

انکار پر وہ دوسرے کمرے کی جانب گیا تو آسٹریلینز نے ہوٹل سیکیورٹی کو اطلاع دے دی،اس شخص کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس نے اپنی حرکت کا اعتراف کر لیا،اسے ایک ہزار روپے جرمانے کیساتھ ایک ماہ کی معطل جیل کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔

ایک سینئر سیکیورٹی اہلکار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گوکہ واقعے میں کوئی نقصان تو نہیں ہوا البتہ یہ ہمارے لیے شرمندگی کا باعث ضرور بنا، اس کے بعد سے ہم نے انتظامات پر نظرثانی کرتے ہوئے بعض نئے اقدامات کیے ہیں۔ اس حوالے سے ہوٹل ذرائع نے بتایا کہ عبدالکریم ایک مقامی آڈٹنگ فرم کی جانب سے سینیمون گرینڈ ہوٹل میں کام کر چکا ہے۔

پولیس یا سیکیورٹی حکام نے دونوںکینگرو کرکٹرز کے نام نہیں بتائے۔ اس حوالے سے آئی سی سی ترجمان نے کہا کہ یہ ایک معمولی سا واقعہ تھا، اس شخص سے قانون کے مطابق نمٹا گیا اور اب سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے،آسٹریلوی ٹیم نے اس پر کسی تبصرے سے انکار کر دیا۔ یاد رہے میگا ایونٹ کے دوران ٹیم کے قیام والے ہوٹل فلورز میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع اور ٹیموں کو سربراہ مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔