شہریوں کو لوٹنے والے 2 ڈاکو پولیس مقابلوں میں ہلاک رینجرز کے محاصرے میں متعدد افراد زیر حراست

ملزم کے قبضے سے شہری سے چھینا گیا پرس ، نقدی اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔


Staff Reporter October 27, 2014
ٹارگٹ کا تعلق لیاری گینگ وار کے وصی اﷲ لاکھو گروپ سے ہے، پولیس۔ فوٹو: فائل

پولیس مقابلوں کے دوران 2ملزمان ہلاک جبکہ2کو گرفتار کرلیا گیا، رینجرز نے شاہ فیصل کالونی میں چھاپہ مار کارروائی میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، کھارادر پولیس نے 22مقدمات میں مطلوب لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے دستی بم برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے میں سی ویو پولیس چوکی کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح شخص شہریوں سے لوٹ مار کرکے فرار ہورہا تھا کہ شہری نے چوکی پر موجود پولیس اہلکاروں کو مطلع کیا، اہلکاروں نے فوری طور پر ملزم کا تعاقب کیا جس نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم ہلاک ہوگیا ، درخشاں پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت نہ ہوسکی، ملزم کے قبضے سے شہری سے چھینا گیا پرس ، نقدی اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 16-A میں 3 ملزمان اسلحے کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ موقع پر موجود افراد نے انھیں پکڑنے کی کوشش کی اور مددگار ون فائیو کو آگاہ کیا ، ایس ایچ او شاہ لطیف ٹائون علی حسن شیخ نے بتایا کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع واردات پر پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جس کی شناخت نعیم کے نام سے کی گئی جبکہ اس کے دو ساتھی عمران اور اعجاز کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان رفیق نامی شہری سے لوٹ مار کررہے تھے۔

دریں اثنا رینجرز نے شاہ فیصل کالونی پانچ نمبر پر اللہ والی مسجد کے قریب متعدد گلیوں کا محاصرہ کیا اور اس دوران بھاری نفری تعینات رہی، آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستے بند کردیے گئے اور آمدورفت معطل کردی گئی،آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لینے کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم حکام نے تصدیق نہیں کی۔

ادھر کھارادر پولیس نے خفیہ اطلاع میں جونا مارکیٹ کے علاقے ریور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ملزم20 سالہ شہریار عرف شیری ولد محمد اسماعیل کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک ہیڈ گرنیڈ برآمد کر لیا ، کھارادر پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ٹارگٹ کا تعلق لیاری گینگ وار کے وصی اﷲ لاکھو گروپ سے ہے انھوں نے بتایا کہ گرفتار ٹارگٹ کلر کے خلاف لیاری ڈویژن اور سٹی ڈویژن کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں اور گرفتار ٹارگٹ کلر قتل کے22 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں