سمندری طوفان ساحل شہریوں کیلیے بند

دفعہ 144 کے باوجود خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد پیر کو سی ویو کے ساحل پر تفریح میں مصروف رہی.


Staff Reporter October 28, 2014
شہری سمندری طوفان’’نیلو فر‘‘کی آمد کے خدشے پر سمندر میں نہانے سے گریز کریں۔ کمشنر کراچی فوٹو: ایکسپریس

ROME: سمندری طوفان ''نیلوفر'' کے کراچی کے ساحل سے ٹکرانے کے خدشے پر پولیس نے کلفٹن اور سی ویو سمیت ساحل سمندر شہریوں کے لیے بند کر دیا ہے، کراچی کے ساحل سمندر میں شدید طلاطم کے باعث موجیں بپھرگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ نے سمندری طوفان ''نیلوفر'' کی کراچی کے ساحل سے ٹکرانے کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے نافذ کی گئی دفعہ 144 کی پابندی کے بعد قیمتی انسانی جانوںکے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے کلفٹن، سی ویو، ہاکس بے، سینڈز پٹ اور دیگر ساحلی علاقوں کو منگل سے جمعہ تک عوام کے لیے بند کر دیا ہے، پولیس نے کلفٹن اور سی ویو کے ساحل پر اشیا فروخت کرنے والے کو فوری طور پر ٹھیلے،خوانچے اور کینٹین بند کرنے کا حکم دیا ہے، دکانداروں کو 3 دن ساحل نہ آنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب دفعہ 144 کے نفاذ اور پولیس کے حفاظتی اقدامات اور اعلانات کے باوجود خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد پیر کو سی ویو کے ساحل پر تفریح میں مصروف رہی، لائف گارڈز اور پولیس اہلکار شہریوں کو سمندر میں جانے سے منع کرتے رہے اور فوری طور پر ساحل سے جانے کا حکم دیا لیکن شہریوں کا کہنا تھا کہ طوفان ابھی دور ہے اور انھیں تفریح سے نہ روکا جائے بعض منچلے نوجوانوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ سمندری طوفان دیکھنے سی ویو آئیں گے تاکہ بپھرے ہوئے سمندر کو دیکھ کر اس کی تصویر کشی کرسکیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان ''نیلوفر'' کی پیش گوئی پر صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور بلدیاتی اداروں کے حکام کو احتیاطی تدابیر اور ہنگامی منصوبہ مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو تاکید کی ہے کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں میں عملے کی حاضری کو یقینی بنائیں۔

سمندری طوفان ''نیلو فر'' کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت سمندر میں نہانے پر پا بندی ہے، متعلقہ ادارے سمندر میں نہانے پر عائد پا بندی پر سختی سے عمل کرائیں اور بیچ سیفٹی کے حوالے سے انتظامات کو موثر بنایا جائے، طوفان نیلوفر کے خدشے پر پاک بحریہ ، میر ی ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کوسٹ گارڈ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سمندر میں موجود ماہی گیروںکو فوری واپس بھجوائیں، فشر فورک اور ماہی گیر تنظیمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ما ہی گیروں کو واپس بلوائیں۔

ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1299 اور متعلقہ ادارے ماہی گیروں کو ساحل پر واپس لانے کے اقدامات کریں، کمشنر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ سمندری طوفان''نیلو فر''کی آمد کے خدشے پر سمندر میں نہانے سے گریز کریں۔

انھوں نے کہا کہ ریسیکو 1299 اور کمشنر آفس کا کنٹرول روم سمندری طوفان کے حوالے سے موصول اطلاعات اداروں کو فوری پہنچائیں ، شہری 3 روز تک ساحل پر جا نے گریز کریں، بلدیہ عظمیٰ اور کنٹونمنٹ بورڈز ساحل پر لگے خطرنا ک اورکمزور سائن بورڈ فوری طور پر ہٹادیں تاکہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت یقینی بناکر ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جائے۔