افریقی ملک برکینا فاسو میں فوج نے حکومت کا تختہ الٹ کراقتدار پر قبضہ کرلیا

ویب ڈیسک  جمعـء 31 اکتوبر 2014
 برکینا فاسو کے عوام کو اپنے  مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہونا چاہئے،یورپی یونین فوٹو:رائٹرز

برکینا فاسو کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہونا چاہئے،یورپی یونین فوٹو:رائٹرز

اواگیڈوگو: مغربی افریقی ملک برکینافاسو میں فوج نے صدر کو برطرف کر کے حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برکینا فاسو میں 27 سال سے اقتدار میں رہنے والے صدر کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر احتجاج کررہے تھے جبکہ دارالحکومت میں پرتشدد واقعات کے بعد فوج نے صدر بلیسی کمپور کو برطرف کرتے ہوئے حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ فوجی سربراہ کرنل بوریما فارٹا نے آرمی ہیڈکوارٹر کے باہر موجود ہزاروں افراد کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صدر بلیسی کمپور اب مزید اقتدار میں نہیں رہ سکتے جبکہ فوج نے حکومتی معاملات عارضی طور پر اپنے ہاتھ میں لے لئے ہیں۔

دوسری جانب یورپی یونین کا کہنا ہے کہ برکینا فاسو کے عوام کو اپنے  مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہونا چاہئے اورجو بھی آئندہ اقدامات کئے جائیں  وہ  اتفاق رائے اور قانون کے مطابق ہوں۔

واضح رہے کہ برکینا فاسو کے صدر بلیسی کمپور گزشتہ 27 سال سے حکومت کر رہے تھے اور ایک مرتبہ پھر آئین میں ترمیم کے ذریعے 2015 میں نئی حکومت کے قیام تک اقتدار میں رہنا چاہتے تھے جس کے خلاف ملک بھر میں گزشتہ کئی روز سے احتجاج جاری تھا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔