حساس علاقوں میں خصوصی انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ہوگی

پہلے مرحلے میں 8 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک پلائی جائے گی۔


Staff Reporter November 09, 2014
حساس علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات مکمل،پولیووائرس پر12 نومبرکو اجلاس طلب کرلیاگیا فوٹو فائل

کراچی کے حساس علاقوں میں پولیو وائرس پر قابو پانے کے لیے 3 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ہوگی۔ انسدادی مہم میں شہر کی انتہائی حساس 12 یونین کونسلوں کے رہائشی 8 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی خوراک پلائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع کے حساس علاقوں میں کل10 نومبر (پیر) سے3 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی،محکمہ صحت کے اسپیشل سیکریٹری پبلک ہیلتھ ڈاکٹر خالد شیخ کے مطابق 3 روزہ مہم کے پہلے مرحلے میں کراچی کی انتہائی حساس یونین کونسلوں کو شامل کیاگیا ہے جہاں 8 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی خوراک پلائی جائے گی۔

خصوصی مہم میں اندرون سندھ کے اضلاع لاڑکانہ، سکھر، حیدرآباد، میرپورخاص، دادو اور نوشہروفیروز کے حساس علاقے بھی شامل ہیں ، جہاں 35لاکھ بچوں کو انسداد پولیوکے قطرے پلائے جائیں گے، انسدادی مہم کے لیے سندھ بھر کے حساس علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، پولیو ٹیموں اور رضا کاروں کے مکمل تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے ، محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں پولیووائرس کی صورتحال پر 12نومبرکواعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر صحت سائرہ تارڑ، وفاقی سیکریٹری صحت ایوب شیخ، ڈی جی صحت اسد حفیظ، فوکل پرسن وزیراعظم پولیو سیل عائشہ فاروق،سیکریٹری صحت سندھ اقبال حسین درانی، وزیر اعلیٰ پولیو مانیٹرنگ سیل کی سربراہ عذرا پیچوہو، وزیراعلیٰ کی معاون شہناز وزیرعلی، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ، آئی جی پولیس سندھ غلام حیدر جمالی، ڈی جی رینجرزسندھ میجر جنرل بلال اکبر، ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر ظفر اعجاز سمیت سانگھڑ، دادواور حیدرآبادکے ڈپٹی کمشنر شرکت کریں گے اجلاس میں انسدادی مہمات کے دوران تحفظ کے امور اور مسائل کو زیر بحث لایا جائے گا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں