اہلسنت و الجماعت کے تحت آج امریکی قونصلیٹ تک ریلی نکالی جائیگی

ریلی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو شہر میں دما دم مست قلندر ہوگا۔


Staff Reporter September 30, 2012
ہر معاملے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی پالیسی کو برقرار رکھا ہے،علامہ اورنگزیب فاروقی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

اہلسنت و الجماعت آج بعد نماز ظہر لسبیلہ چوک سے امریکی قونصلیٹ تک شہدائے ناموس رسالتؐ و تحفظ ناموس رسالتؐ ریلی نکالی جائے گی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ریلی اور جلوس پر پابندی کا نوٹیفکیشن بد دیانتی پر مبنی ہے ،حکومت کوشش کرکے دیکھ لے ریلی ہر حال میں نکالیں گے ،نو ٹیفکیشن جاری کر نے کے بجائے حکومت ٹارگٹ کلنگ اور قتل و غارت گری کی روک تھام کیلیے اقدامات کرتی تو ہر پاکستانی خیر مقدم کرتا ،ایک ہفتے میں 22جنازے اٹھا کر بھی کارکنوں کو پر امن رکھا حکومت کارکنوں کوکسی اور راستے پر ڈالنے کی کوشش نہ کرے ، ریلی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو پورے شہر میں دما دم مست قلندر ہوگا اورحالات کی تمام تر ذمے داری حکومت سندھ پر ہوگی طاقت کے استعمال سے حکومت نہ ڈرائے ہم ناموس رسالت ﷺ و ناموس صحابہ ؓ پر جان قربان کرنا سعادت سمجھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار اہلسنت و الجماعت کے مرکزی رہنما علامہ اورنگزیب فاروقی نے مرکز اہلسنت پر اہلسنت کی تمام نمائندہ جماعتوں کے اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیے میں کیا ، انھوں نے کہا کہ ناموس رسالتؐ ریلی میں رکاوٹ ڈالنے والے امریکی چوکیداری پر مامور ہیں ،ناموس رسالتؐ ریلی میں ہر مسلمان کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں ،اب تک ہر معاملے میں انتظامیہ کیساتھ تعاون کی پالیسی کو برقرار رکھا ریلی پر پابندی کا اعلان قابل مذمت ہے ،اجلاس میں اہلسنت و الجماعت کے رہنماؤں کے علاوہ سنی علمائے کونسل ،سنی وحدت کونسل ،جمیعت علما اسلام ،اہلسنت یوتھ فورس،سنی طلبا اتحاد ،عالمی مجلس تحفظ اسلام ،تنظیم المدارس و مساجد ،اہلسنت انٹرنیشنل فورم ،تحریک تحفظ حقوق اہلسنت کے رہنما اور مدارس دینیہ کے علما بھی موجود تھے جنہوں اہلسنت و الجماعت کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔