آئی سی سی اجلاس کے بعد فاسٹ بولر محمد عامر کی کرکٹ میں واپسی کے قوی امکان روشن

ویب ڈیسک  پير 10 نومبر 2014
سزایافتہ کھلاڑی اینٹی کرپشن یونٹ کو درست معلومات فراہم کرنے کی صورت میں اپنی سزا کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکے گا،آئی سی سی ۔ فوٹو؛فائل

سزایافتہ کھلاڑی اینٹی کرپشن یونٹ کو درست معلومات فراہم کرنے کی صورت میں اپنی سزا کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکے گا،آئی سی سی ۔ فوٹو؛فائل

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اینٹی ڈوپنگ کوڈ اور اینٹی کرپشن کوڈ میں نظرثانی کی منظوری دے دی جس کے بعد سزا یافتہ پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کی جلد کرکٹ میں واپسی کے قوی امکان روشن ہوگئے ہیں۔

دبئی میں آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کے دوران کونسل ممبران نےاینٹی کرپشن کوڈ اور اینٹی ڈوپنگ کوڈ میں نظرثانی کی منظوری دے دی جس کے بعد ترمیم شدہ اینٹی ڈوپنگ کوڈ یکم جنوری 2015 سے لاگو ہوگا جب کہ اینٹی کرپشن کوڈ اور کوڈ آف ایتھکس فوری طور پر لاگو کردیا گیا ہے۔ نظرثانی شدہ قانون کے مطابق کرپشن جارجز پر سزایافتہ کھلاڑی اینٹی کرپشن یونٹ کو درست معلومات فراہم کرنے اور معاملے میں بھرپور تعاون کی صورت میں اپنی سزا کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکے گا جس کے لئے اسے اینٹی کرپشن یونٹ کی اجازت درکارہوگی۔

دوسری جانب پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر اپنی سزا کا آدھے سے زیادہ حصہ کاٹ چکے ہیں اور نئے قانون کی منظوری کے بعد وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے تاہم اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ سے بات چیت کے بات یقین دہانی کرانی ہوگی جس کے بعد محمد عامر پر ملکی میدان کھل جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔