جامعہ کراچی میں 3500میں سے صرف20طلبامیں لیپ ٹاپ تقسیم

وفاق کے کسی نمائندے نے شرکت نہیں کی،لیپ ٹاپ اسکیم انمول بینک ہے،نہال ہاشمی و دیگر


Staff Reporter November 12, 2014
وفاق کے کسی نمائندے نے شرکت نہیں کی،لیپ ٹاپ اسکیم انمول بینک ہے،نہال ہاشمی و دیگر فوٹو: فائل

BHAGWAL: جامعہ کراچی کے طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب وفاقی حکومت کے کسی نمائندے کی شرکت کے بغیر ہی منعقد ہوئی،انتظامیہ کی جانب سے منگل کویونیورسٹی بند کیے جانے کے باوجود مسلم لیگ کی رکن قومی اسمبلی ماروی میمن بھی تقریب میں شریک نہیں ہوئیں۔

جس کے بعدمسلم لیگ(ن) کی صوبائی قیادت کی جانب سے جامعہ کراچی کے ساڑھے 3 ہزار میں سے صرف20طلباکولیپ ٹاپ دیے گئے،عام طلبا و طالبات کیلیے یونیورسٹی کوبندرکھاگیا۔اس موقع پرمسلم لیگ (ن) سندھ کے صدراسماعیل راہو،جنرل سیکریٹری نہال ہاشمی نے سماعت گاہ کلیہ فنون میں منعقدہ تقریب میں20 طلبامیں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہاکہ طلباکولیپ ٹاپ تقسیم کیے جانے کے تقریب کی وجہ سے جامعہ کراچی کوبندنہیں کیاگیا بلکہ منگل کی شام جامعہ کراچی میں گورنرسندھ کودورہ کرناتھا جس کی وجہ سے جامعہ کراچی بندکی گئی ہے تاہم جب ان سے پوچھاگیاکہ گورنرسندھ کا دورہ توشام کوشیڈول تھا جامعہ کراچی میں تدریسی عمل صبح سے ہی معطل ہے،اس سوال پرنہال ہاشمی نے کہاکہ گورنرسندھ جامعہ کراچی کے چانسلرہیں ان سے پوچھاجائے کہ جامعہ کراچی کوکیوں بندکیاگیا؟ قبل ازیں تقریب میں ایم فل؍پی ایچ ڈی کے 20طلباکولیپ ٹاپ دیے گئے جبکہ 70طلباکولیپ ٹاپ دینے کیلئے تقریب میں مدعوکیا گیا تھا جنھیں تقریب کے بعدلیپ ٹاپ دیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل راہو،جنرل سیکریٹری نہال ہاشمی، اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے نمائندے رضا بھٹی اور شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہاکہ جدیددورمیں وزیراعظم نوازشریف کی یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم دراصل نوجوانوں کے لیے علم ودانش کا انمول بینک ہے۔ تقریب میں نظامت کے فرائض رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان نے انجام دیے۔ اس موقع پرویزاعظم یوتھ اسکیم کی کوآرڈینیٹرمنیزہ ، مسلم لیگ ن کے شاہ محمد شاہ، منوررضا ،ممتاز صنعتکارسردار یاسین ملک اور اساتذہ بھی موجودتھے۔شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے ترقی کاخواب شرمندہ تعبیرکیا جاسکتاہے اور ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلائی جاسکتی ہے نوجوان ہماراقیمتی اثاثہ ہیں وزیر اعظم نے لیپ ٹاپ کے اس اسکیم کے ذریعے طلباوطالبات کو جدید علوم تک رسائی مہیاکی ہے۔شیخ الجامعہ نے لیپ ٹاپ اور انٹرنیٹ ڈیوائس ملنے پراعلیٰ تعلیمی کمیشن اور حکومت کا شکریہ اداکیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں