کھیل میں واپسی سعید اجمل کا انتظار طویل ہو گیا

ایکشن میں نمایاں بہتری کے باوجود مکمل طور پر آئی سی سی کی قانونی حد کے اندر نہیں آسکے۔


Sports Reporter November 16, 2014
آف اسپنر انگلینڈ میں ہی ثقلین مشتاق کی نگرانی میں محنت کریں گے، دسمبر کو دوبارہ جانچ کا امکان، ورلڈ کپ کے ابتدائی اسکواڈ میں بھی نام شامل ہوسکتا ہے ۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

SAN FRANCISCO: آف اسپنر سعید اجمل کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے انتظار مزید طویل ہوگیا ہے، وہ اپنے بولنگ ایکشن کو آئی سی سی کے قوائد کے مطابق بہتر نہ بناسکے.

پی سی بی کو ڈاکٹر مارک کنگ کی موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق اسپنر کے ایکشن میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ تاہم ایکشن میں مکمل درستگی کیلیے مزید محنت کی ضرورت ہے، نتیجہ آنے کے بعد پی سی بی نے سعید اجمل کا انگلینڈ میں قیام مذید ایک ہفتہ بڑھاتے ہوئے انھیں ثقلین مشتاق کے ساتھ مزید کام کرنیکی ہدایت کی ہے، دسمبر میں دوبارہ جانچ کرائی جاسکتی ہے، ورلڈ کپ کے ابتدائی 30 کھلاڑیوں میں نام شامل کیے جانے کا بھی امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق غیرقانونی بولنگ ایکشن کی وجہ سے آئی سی سی کی پابندی کا شکار ہونے والے اسپن بولر سعید اجمل کے بارے میں تازہ ترین رپورٹ پی سی بی کو موصول ہوگئی ہے جس کے مطابق آف اسپنر اپنے بولنگ ایکشن کو کرکٹ کی عالمی باڈی کے قانون کے مطابق لانے میں تو کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

تاہم ڈاکٹر مارک کنگ نے آف اسپنر کی رپورٹ کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایکشن میں کافی حد تک بہتری آئی ہے تاہم مزید بہتری کیلیے سعید اجمل کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں اسپنر اپنے ایکشن کو 25ڈگری تک لانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ آئی سی سی کے قانون کی رو سے وہ اپنے ایکشن کو 15ڈگری تک لا کر ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آ سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین 6 تا10 اگست میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں سعید اکے بولنگ ایکشن کے غیر قانونی ہونے کی رپورٹ امپائرز اور میچ ریفری نے کی تھی ۔

بعد ازاں آئی سی سی کی زیرنگرانی سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کا بائیو مکینکل ٹیسٹ ستمبر میں برسبین کی لیبارٹری میں ہوا جس میں کرائے گئے 8 اوورزمیں آف سپنر کی کوئی گیند آئی سی سی کی مقررکردہ قانونی حد میں نہیں تھی جس پر کرکٹ کی عالمی باڈی نے سعید اجمل کے بولنگ کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔ پی سی بی نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو درست کرنے کا فیصلہ کیا اور ابتدائی طور پر ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد اورمحمد اکرم کے بعد مایہ ناز آف سپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کیں جنھوں نے نیشنل اکیڈمی میں سعید اجمل کے ساتھ بولنگ ایکشن درست کرنے کے ٹاسک پر کام کیا۔ اکیڈمی کوچز کے مشورے پر انکے نئے ایکشن کا غیر سرکاری ٹیسٹ کرانے انگلینڈ بھیجا گیا جہاں ڈاکٹر مارک کنگ اور ان کی ٹیم کی زیرنگرانی انکے نئے ایکشن کا ٹیسٹ کارڈف کی لوبرو یونیورسٹی لیبارٹری میں 10 نومبرکو ہواتھا۔

اب سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کی تازہ ترین رپورٹ پی سی بی کو موصول ہوگئی ہے جس میں ڈاکٹر مارک کنگ نے سعید کے بولنگ ایکشن کو چیک کرنے کے بعد اسے تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لیبارٹری میں کیے گئے انکے بولنگ ایکشن کے موجودہ ٹیسٹ میں پہلے ہونیوالے ٹیسٹ کے مقابلے میں کافی بہتر ی آئی ہے جس سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ سعید اجمل پر مذید محنت کی جائے تو وہ 15ڈگری کی حد میں بولنگ کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ میں ان کا بولنگ ایکشن 40ڈگر ی تک تھا لیکن اب اس میں کافی بہتری آئی ہے تاہم ابھی بھی سعید اجمل 15ڈگر ی کی حد میں بولنگ نہیں کررہے اور ان پر مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق بورڈ نے مذکورہ لیبارٹری کی رپورٹ کی روشنی میں سعید اجمل کا انگلینڈ میں قیام ایک ہفتہ بڑھا دیا ہے تاکہ وہ ثقلین مشتاق کے ساتھ لیسسٹر انگلینڈ میں اپنے بولنگ ایکشن کو بہتر بنانے کیلیے محنت کر سکیں۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ پی سی بی نے سعید اجمل کا دسمبر میں ایک اور ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے، اس ٹیسٹ میں وہ اپنا بولنگ ایکشن 15 ڈگری تک لانے میں کامیاب ہوتے ہیں تو آئی سی سی سے ان کا دوبارہ ٹیسٹ کروایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق بورڈ نے سعید اجمل کو ورلڈ کپ کے ابتدائی سکواڈ میں بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بولنگ میں درستگی کے بعد آئی سی سی نے انھیں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی تو آئندہ برس آسٹریلیا، نیوزی لینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ میں انکے قومی ٹیم کی نمائندگی کے روشن امکانات ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں