یوکرین کا باغیوں کے زیر اثر علاقوں میں سرکاری سہولیات بند کرنے کا اعلان

تمام سرکاری کمپنیاں اور ادارے علیحدگی پسندوں کے زیر کنٹرول علاقوں سے ایک ہفتے کے اندر اپنا کام بند کردیں، یوکرینی صدر


ویب ڈیسک November 16, 2014
ستمبر میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کے تحت ان علاقوں کو جو ’مخصوص حیثیت‘ دی گئی تھی اسے بھی منسوخ کر دیا جائے، پیٹرو پوروشنکو۔ فوٹو؛ اے ایف پی

یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشنکو نے روس نواز علیحدگی پسندوں کے زیرِ اثر علاقوں سے اسپتالوں اور اسکولوں سمیت تمام سرکاری سہولیات واپس لے لینے کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشنکو نے اپنے ایک بیان میں علیحدگی پسندوں کے علاقوں میں اسپتالوں اور اسکولوں سمیت دی جانے والی تمام سرکاری سہولیات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری کمپنیاں اور ادارے علیحدگی پسندوں کے زیر کنٹرول علاقوں دونیتسک اور لوہانسک سے ایک ہفتے کے اندر اپنا کام بند کردیں اور مرکزی بینک ایک ماہ کے اندر اپنی خدمات بند کردے۔ اس کے علاوہ یوکرین کے صدر نے ممبران پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ ستمبر میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کے تحت ان علاقوں کو جو 'مخصوص حیثیت' دی گئی تھی اسے بھی منسوخ کر دیا جائے۔

واضح رہے کہ روس نواز علیحدگي پسندوں نے رواں ماہ کے اوائل میں وہاں انتخابات کرائے تھے جسے یوکرین اور یورپی یونین نے ستمبر میں ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے غیر قانونی قرار دیا تھا۔ روس نواز علیحدگي پسند یوکرین حکومت سے رواں برس اپریل سے برسرپیکار ہیں جس کے نتیجے میں ان تک 4 ہزار سے زائد لوگ ہلاک جب کہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ یوکرین اور مغربی ممالک روس پر ہتھیاروں اور فوج کے ذریعے علیحدگی پسندوں کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہیں جب کہ روس ان تمام الزامات کی تردید کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں