ایکسپریس کی صبح کی خصوصی نشریات ’’ست رنگی‘‘ کا آغاز

جویریہ سعود اور ان کی ٹیم کایہ منفرد اور دلکش مارننگ شو تمام شوز سے ذرا ہٹ کر ہے


Staff Reporter November 18, 2014
ست رنگی کیلیے پہلے دن ہی ناظرین کی شاندار پذیرائی، جویریہ کی گائیکی نے سماں باندھ دیا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ایکسپریس انٹرٹینمنٹ نے اپنی صبح کی خصوصی ٹرانسمشن کا آغاز جویریہ سعود اور ان کی ٹیم کے ساتھ منفرد اندازمیں کردیا، مارننگ شو ''ست رنگی'' اب تک پیش کیے جانے والے تمام شوز سے ذراہٹ کرہے اور پہلے دن ہی ناظرین میں اس شوکو بہت پذیرائی ملی۔

گلوکاری اوراداکاری پربیک وقت مکمل گرفت رکھنے والی جویریہ سعود یوں تو ایکسپریس نیوز اور ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے عید شو اور دیگر پرمسرت لمحات میں ہمیشہ ہی نظر آتی ہیں مگر اب ایکسپریس کے ساتھ ان کا تعلق ایک نئے اندازسے صبح کی نشریات ست رنگی میں دکھائی دیگاجو گزشتہ روز(پیر) سے شروع ہوا اور پہلے ہی دن اس شوکو ناظرین میں بہت پذیرائی ملی۔ پروگرام ست رنگی میں جویریہ سعود کے برجستہ جملوں اور پینل ٹیم کے دیگرمعروف فنکاروں نے مسحورکن پرفارمنس سے نشریات کو چارچاند لگادیے۔

پروگرام ست رنگی میں سینئرٹی وی فنکارہ عائشہ خا ن جویریہ کی پینل ٹیم میں دادی کے منفردکردار میں جلوہ گرہیں۔ ان کے شفیق اورچاشنی بھرے جملے پروگرام میں رنگ بھرر ہے ہیں۔ پینل میں شامل دیگرٹیم ممبرز میں شکیلہ حسن یوگا و فٹنس، انیلا ویلڈن ماں اور بچے کی صحت کے متعلق سیر حاصل گفتگو، عظیم جعفری نے بتایا قسمت کاحال جبکہ شارق آؤٹ ڈورجا کر لوگوں میں تحفے تحائف تقسیم کرتے رہے۔ ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے نئے پروگرام ست رنگی میں جویریہ سعود نے اپنی گائیکی کے ذریعے بھی سماں باندھ دیاجبکہ اس مارننگ شو کیلیے بہت بڑا کلرفل سیٹ لگایاگیا جودیکھنے والوں کو حیران کردیتا ہے۔